امریکی اتحادی طیاروں کی بمباری ،داعش کے 180جنگجوہلاک

امریکی فوج کا گزشتہ پانچ ماہ کے دوران داعش کا سب سے بڑا حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ

جمعہ 18 دسمبر 2015 22:55

امریکی اتحادی طیاروں کی بمباری ،داعش کے 180جنگجوہلاک

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) امریکی قیادت میں اتحادیوں کی بمباری کے نتیجہ میں 180جنگجومارے گئے جبکہ امریکہ نے گزشتہ پانچ ماہ میں کیے جانے والے داعش کے سب سے بڑے حملے کو پسپا کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز امریکی حکام نے کہاکہ کرد فوج نے اتحادی افواج کی فضائی مدد کے ذریعے خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کی جانب سے پانچ ماہ میں کیے جانے والے سب سے بڑے حملے کو پسپا کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر موصل کے قریب مختلف مقامات پر دولتِ اسلامیہ نے حملے کیے۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح تک جاری رہنے والے حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 180 جنگجو ہلاک ہوئے۔حکام نے بتایا کہ انتہاپسندوں نے عراق میں کرد پیش مرگہ فوج پر حملے کیے جن میں مشین گنوں، کار بموں، راکٹوں اور بلڈوزروں کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی فوج کے ترجمان کرنل سٹیون وارن نے بتایاکہ موسمِ گرما سے اب تک دولتِ اسلامیہ کی جانب سے کیا جانے والا یہ سب سے بڑا حملہ تھا جسے پیش مرگہ نے ناکام بنا دیا۔

بریگیڈیئر جنرل مارک اوڈم عراق میں امریکہ کے سینیئر افسر ہیں نے کہاکہ یہ حملہ شاید موصل کا کنٹرول واپس لینے کے منصوبے میں رخنہ ڈالنے کے لیے کیا گیا۔دولتِ اسلامیہ نے جن مقامات کو نشانہ بنایا ان میں بشیقہ بھی شامل ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں ترک فوج نے عراق سے تعلق رکھنے والے کردوں کو تربیت دی تھی جس کی وجہ سے عراق اور ترک حکومت کے درمیان کشیدگی بھی پیدا ہوئی تھی۔خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ممبران نے دولتِ اسلامیہ کے فنڈز روکنے کے لیے جمعے ہی کو ایک قرارداد بھی منظور کی ہے۔

متعلقہ عنوان :