پاکستان سپر لیگ کیلئے کرکٹرز کی بولی پرسوں پیرکو لگے گی

ہفتہ 19 دسمبر 2015 12:30

پاکستان سپر لیگ کیلئے کرکٹرز کی بولی پرسوں پیرکو لگے گی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19دسمبر۔2015ء) پاکستان سپر لیگ کیلئے کرکٹرز کی بولی پیرکو لگے گی،کرکٹ کے رنگا رنگ ایونٹ میں 15ملکوں سے تعلق رکھنے والے 307 کھلاڑی حصہ لیں گے جو5 کیٹیگریز میں فروخت ہوں گے، آئیکون پلیئرز 2 لاکھ ڈالر میں فروخت ہونگے۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل پیر اور منگل کو لاہور میں ہوگا، 15ملکوں سے تعلق رکھنے والے 307 پلیئرز کو 5کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، آئیکون پلیئرز 2 لاکھ ڈالر میں فروخت ہونگے، اس فہرست میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، کرس گیل، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن موجود ہیں، پلاٹینم کیٹیگری میں شامل 1 لاکھ 40 ہزار، ڈائمنڈ 70، گولڈ 50، سلور 25 اور ایمرجنگ 10 ہزار ڈالر میں خریدے جاسکیں گے، کسی ایک کیٹیگری میں منتخب نہ ہونے والا کرکٹر خود بخود ہی کم تر درجے میں چلا جائے گا، مثال کے طور پر پلاٹینم پلیئر کو 1لاکھ 40ہزار ڈالر کے بجائے ڈائمنڈ کے ریٹ 70ہزار ڈالر پر خریدا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اسکواڈز کو متوازن رکھنے کیلیے فرنچائزز کو ہر کیٹیگری سے کھلاڑیوں کی مخصوص تعداد حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا، ہر ٹیم کو 3،3 پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کرکٹرز خریدنے کی اجازت ہوگی، ان 9 میں سے کم از کم 4 پاکستانی ہونگے، سلور کیٹیگری سے 5 اور لازمی طور پر 2 ایمرجنگ کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے، ہر اسکواڈ کم از کم 16رکنی ہوگا جس میں 11 پاکستانی اور 5غیر ملکی ہونگے، پلیئرز کی ایونٹ کے کسی مرحلے میں عدم دستیابی یا انجریز کے پیش نظر ہر فرنچائز 20 تک کرکٹرز کی خدمات حاصل کرسکے گی، اس میں کم ازکم 14 پاکستانی ہونگے، 16کھلاڑیوں کی خریداری پر کم ازکم 9لاکھ 85ہزار ڈالرجبکہ زیادہ سے زیادہ 1.1ملین ڈالر خرچ کیے جاسکیں گے، سپلیمنٹری پلیئرز منتخب ہونے کے باوجود اس صورت میں ہی تنخواہ کے حقدار ہونگے جب انھیں میچز کھیلنے کیلیے بلایا جائیگا، ڈرافٹ فارمولے کے تحت پہلے راوٴنڈ میں کھلاڑیوں کا سب سے پہلے انتخاب اسلام آباد فرنچائز کریگی۔

پی ایس ایل ورکشاپ کے دوران ہونیوالی قرعہ اندازی کے نتائج کے مطابق کراچی دوسرے، پشاورتیسرے، کوئٹہ چوتھے اور لاہور پانچویں نمبر پر دستیاب پول میں سے پلیئرز کا انتخاب کریگا، اگلے راوٴنڈز میں ترتیب ایسی رکھی جائے گی کہ ہر ٹیم کو ایک متوازن اسکواڈ کیلیے اچھے کرکٹرز یکساں تعداد میں میسر آسکے، پیر کو پہلے روز پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈکرکٹرز کے ڈرافٹ ہونگے،منگل کو سلور، ایمرجنگ اور سپلیمنٹری کیٹیگریز کی باری آئے گی، مجموعی طور پر20راوٴنڈز ہونگے، پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ پلیئر کی فروخت کو 3، 3راوٴنڈز میں مکمل کیا جائیگا،سب سے زیادہ پلیئرز سلور کیٹیگری میں شامل ہیں، اسکے 4راوٴنڈز ہونگے، ایمرجنگ کا کام 2اور سپلیمنٹری کا 4میں نمٹا دیا جائیگا،کھلاڑیوں کے نام منتخب کرنے کے بعد مقررہ وقت میں ایک سلپ پر لکھ لیے جائیں گے جن کو ڈرافٹ کمیٹی کیٹیگریز کے لحاظ سے چیک کریگی، مقررہ وقت میں نام فائنل نہ ہونے پر دوسری ٹیم کھلاڑی پر اپنا حق جتا سکے گی۔

متعلقہ عنوان :