پنجاب پولیس کیلئے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ

ہفتہ 19 دسمبر 2015 12:46

پنجاب پولیس کیلئے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2015ء) پنجاب حکومت نے ہیلی کاپٹر خریدنے کیلئے ایک ارب بیس کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ خریداری کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈرز چند روز میں جاری کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کیلئے روسی ساخت کے ایم آئی سیون ٹین اورامریکی ساخت کا ہیلی کاپٹر خریدنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے پنجاب حکومت کی ضروریات کے مطابق ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے تفصیلات کا تعین کردیا ہے جس کے مطابق ہیلی کاپٹر خریدا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی دستاویزات کے مطابق نودسمبر کو ہونے والے اجلاس میں کابینہ کی سب کمیٹی فار لاءاینڈ آرڈر نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے ٹینڈر جاری کئے جائینگے۔ ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے درکا فنڈز کا تخمینہ ایک ارب بیس کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر کی خریداری کے لیے پولیس کے پاس ستاون کروڑ روپے موجود ہیں جبکہ باقی رقم پولیس کو سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے جاری کی جائیگی۔