گھوٹکی : وڈیرے کا ہیلتھ سنٹر پر قبضہ 50 دیہات صحت کی سہولیات سے محروم

ہفتہ 19 دسمبر 2015 13:26

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء)گھوٹکی کے نواحی علاقے گاؤں عبدالکریم مہر کے رورل ہیلتھ سینٹر کی بلڈنگ پر بااثر وڈیرے نے قبضہ کرکے اپنی زمینوں میں کام کرنے والے کاشتکاروں کی رہائش گاہ میں تبدیل کردیاہے۔50 سے زائد دیہات بنیادی سہولیات سے محروم علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامناہے۔تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے چولستانی علاقے گاؤں عبدالحکیم مہر کے واحد حکومتی صحت مرکز پر بااثر وڈیرے نے قبضہ کر لیاہے۔

وڈیرے نے اس عمارت کو اپنی زمینوں میں کام کرنے والے کاشتکاروں کی رہائش گاہ میں تبدیل کردیاہے۔چولستان میں قائم پچاس سے زائد چھوٹے بڑے دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے دیہاتی بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم ہو گئے جس سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ انکے علاقے میں قائم بنیادی صحت مرکز کی بلڈنگ پر علاقے کے مقامی وڈیرے نے قبضہ کر کے اسے اپنی زمینوں کام کرنے والے کاشتکاروں کی رہائش گاہ میں تبدیل کردیا ہے جس سے اہل علاقہ صحت کی سہولیات سے محروم ہو گئے ہیں۔

اس علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی مریض شہروں میں قائم ہسپتالوں تک پہنچنے سے پہلے دم توڑ جاتے ہیں۔ اس علاقے سے شہر تیس کلومیٹر کی دوری پر ہیں اور کچے راستے ہیں جس سے انہیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وڈیرے کے قبضے سے بلڈنگ کو خالی کروا کر علاقہ مکینوں کے لیے فعال کیا جائے تاکہ علاقہ مکین صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔