صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کیلئے افسران وعملہ بھر پور توجہ صرف کریں،ایڈمنسٹریٹربلدیہ غربی

ہفتہ 19 دسمبر 2015 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن نے کہا ہے کہ ربیع الاول اورکرسمس کے موقع پر بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کیلئے افسران وعملہ بھر پور توجہ صرف کریں ان خیالات کااظہار انہوں نے اورنگی زون میں جاری صفائی ستھرائی کے کام کا معائینہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے افسران و عملہ اپنی کارکردگی کواور بہتر انداز میں پیش کریں کچرہ اٹھانے اور جراثیم کش ادویات کے باقائدہ استعمال کو یقینی بنائیں تمام علاقوں میں موجود مارکیٹوں ،بازاروں ،ہسپتالوں ،اسکولوں مساجد،مسیحی عبادت گاہوں اور دیگر ایسے مقامات پر جو کچرہ کنڈیوں کے علاوہ کچرہ جمع ہونے کا باعث ہوں ان تمام مقامات کے ساتھ ساتھ کچرہ کنڈیوں کوصاف کرنے کیلئے بھر پور کاروائی عمل میں لائیں تمام مارکیٹوں اور دیگر مقامات پر موجود تجاوزات کا بھی فوری خاتمہ کیا جائے انہوں نے موقع پر موجود عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انتظامیہ بلدیہ غربی کے افسران وعملہ بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ کچرہ وملبہ کے ڈھیروں کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں آپ حضرات بھی صفائی ستھرائی کرنے والے عملے سے تعاون کرتے ہوئے اپنے گھروں کاکچرہ جگہ جگہ ڈالنے کے بجائے مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ عملہ بروقت اسے ٹھکانے لگاسکے اس موقع پرا نکے ہمراہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔