Live Updates

سندھ میں گورنر راج کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،کراچی کے معاملے میں وفاق اور سندھ میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں‘خواجہ سعد رفیق

لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کا وہی حال ہوگا جو حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ہوا ہے ‘وزیر ریلوے

ہفتہ 19 دسمبر 2015 19:01

سندھ میں گورنر راج کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،کراچی کے معاملے میں وفاق ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ سندھ میں گورنر راج کی کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی اس کا کوئی امکان ہے، کراچی کے معاملے میں وفاق اور سندھ حکومت میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ،بلوچستان میں مری معاہدے کے تحت انتقال اقتدار کا مرحلہ رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا ،لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کا وہی حال ہوگا جو حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ہوا ہے ،صدیق بلوچ عوامی آدمی ہیں جبکہ جہانگیر ترین انتخابی موسم میں اڑ کر حلقے میں پہنچتے ہیں ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں انفراسٹر اکچر اور بڑے منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ بڑے منصوبوں کے ساتھ عوام کے بنیادی مسائل پر بھی بھرپور توجہ ہونی چاہیے اور حکومت اس پر فوکس کئے ہوئے ہے ۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ موٹر وے سے ملحقہ آبادیوں کے مسائل اوران کی ترقی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں اس اتحاد سے کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ اس اتحاد کا وہی حال ہوگا جو اس سے قبل بلدیاتی انتخابات میں ہوا ہے ۔ صدیق بلوچ عوامی آدمی ہیں جبکہ جہانگیر ترین حلقے کے لوگوں کے لئے اجنبی ہیں،وہ صرف انتخابی موسم میں حلقے کا رخ کرتے ہیں اور اڑ کر پہنچتے ہیں وہ دس طیارے بھی لے آئیں انہیں کامیابی نہیں ملے گی ۔

انہوں نے سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ میں گورنر راج کی کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی اس کا کوئی امکان ہے ۔ کراچی کے معاملے میں وفاق اور سندھ میں کوئی ڈیڈلاک نہیں ، تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں گے۔ بلوچستان میں مری معاہدے پر عملدرآمد کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انتقال اقتدار کا مرحلہ رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا،ڈاکٹر عبد المالک بلوچ پہلے بھی ہمارے اتحادی تھی اور اس معاہدے کے تحت انتقال اقتدار کے بعد بھی وہ ہمارے اتحادی رہیں گے، ان کی اچھی پالیسیوں کو ضرور آگے بڑھایاجائے گا۔

انہوں نے سعودی عرب میں چونتیس اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے اس بارے کوئی علم نہیں۔ انہوں نے بھارت سے تعلقات کے سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سمجھ آ گئی ہے کہ لڑائی جھگڑا مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے مسائل بڑھتے ہیں ۔ بھارت میں بھی مسائل کے انبار ہیں اور پاکستان میں بھی غربت ہے دونوں ممالک اچھے تعلقات کے ذریعے ہی ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات