یو اے ای حکومت کی طرف سے کولمبیا کے کرائے کے فوجی یمن بھیجنے کا انکشاف

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:09

یو اے ای حکومت کی طرف سے کولمبیا کے کرائے کے فوجی یمن بھیجنے کا انکشاف

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 دسمبر۔2015ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے یمن میں لڑنے کے لیے کولمبیا سے تعلق رکھنے والے تین سو تجربہ کار ’کرائے کے سپاہی‘ بھرتی کیے ہیں۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ان افراد کو بھاری معاوضے کے عوض بھرتی کیا گیا ہے۔ نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ذرائع نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ کولمبیا سے تعلق رکھنے والے یہ افراد اپنے ملک میں بائیں بازو کے جنگجووٴں اور منشیات کے سمگلروں سے لڑنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

یمن میں حوثی قبائل سے جنگ میں مصروف متحدہ عرب امارات کی اپنی افواج ناتجربہ کار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان تجربہ کار کرائے کے سپاہیوں کو بھرتی کیا گیا ہے۔کولمبیا کے ایک سابق فوجی افسر کا اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ کولمبیا کے فوجی غیر روایتی جنگ لڑنے میں تجربے کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، ان کے پاس گوریلا جنگ لڑنے کا وسیع تجربہ ہے۔

(جاری ہے)

‘اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے حوثی جنگجووٴں سے لڑنے کے لیے کولمبیا سے تعلق رکھنے والے کئی سو کرائے کے سپاہی یمن بھیجے ہیں۔اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارات گزشتہ پانچ برس سے غیرملکیوں پر مشتمل فوج تشکیل دینے میں مصروف ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ ان فوجیوں کی جنگی تعیناتی کی گئی ہو۔

رپورٹ کے مطابق ان فوجیوں کی تعیناتی یمن میں حوثی جنگجووٴں کی اس کارروائی کے بعد کی گئی ہے جس میں متحدہ عرب امارات کے 45 فوجی مارے گئے تھے۔خیال رہے کہ یمن میں اس وقت سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد ایران کے حمایت یافتہ حوثی قبائل سے برسرپیکار ہے اور کولمبیا کے فوجیوں کی یمن میں موجودگی نے اس ساری صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :