میٹرک بورڈ آف ایجوکیشن میں A-1 اور A گریڈ حاصل کرنے والے طالب علموں میں انعامات اور ایوارڈزتقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) میٹرک بورڈ آف ایجوکیشن میں A-1 اور A گریڈ حاصل کرنے والے طالب علموں میں انعامات اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ جن اسکولوں کے طلبہ نے بورڈ کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ان کے صدر معلم کو اگلے گریڈ میں ترقی اور 10 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں کو ایوارڈ دینے کی تقریب ہفتہ کو فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ملک کے مایہ ناز کرکٹر محمد یونس خان تھے جن کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ، اس موقع پر ویل کم سونگ اور خصوصی ٹیبلوز بھی پیش کئے گئے جنہیں مہمانوں اور شرکاء نے بے حد سراہا، تقریب میں ایس ایس سی امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کرنے والے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام اسکولوں کے طلباء و طالبات کو کرکٹر یونس خان اور میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے ایوارڈز دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد بلال منظر، ڈائریکٹر محمد عبدالخالق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے دسویں جماعت کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر اپنے کام پر بھرپور محنت اور توجہ دی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ کامیابی حاصل نہ کی جاسکے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے جن اسکولوں کے طلباء و طالبات نے A-1 گریڈ حاصل کیا ہے ان اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو اگلے درجے میں ترقی اور دس ، دس ہزار روپے بطور انعام بھی دیئے جائیں گے۔ سمیع الدین صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور بچے مبارکباد کے حقدار ہیں کہ ان کی بھرپور توجہ اور محنت کے باعث ان بچوں نے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مایہ ناز کرکٹر یونس خان نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ تعلیم کی جانب سے بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنے پر انہیں بے انتہا مسرت محسوس ہو رہی ہے اس طرح ان بچوں کے حوصلے مزید پروان چڑھیں گے اور وہ آئندہ اور بھی محنت کے ساتھ تعلیمی میدان میں آگے نکلنے کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء و طالبات مبارکباد کے حقدار ہیں کہ ان کی محنت رنگ لائی اور انہوں نے امتحان میں پوزیشن حاصل کیں انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں آکر مجھے خود بھی اپنے اسکول کا زمانہ یاد آگیا ہے انہوں نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ میڈیا اس طرح کے ایونٹس کو بھرپور کوریج دے گا تاکہ ان بچوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان پر جتنی زیادہ توجہ دی جائے گی ہمارا مستقبل اتنا ہی شاندار ہوگا۔ واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات میں سے 18 نے A-1 گریڈجبکہ 122 نےA گریڈ حاصل کیا ہے۔