وفاق چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں شکست یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے،میاں زاہد حسین/ میاں انجم نثار

ایس ایم منیرکی دوغلی سیاست نے بزنس کمیونٹی کو کمزورکیاہے اورملکی برآمدات کا جنازہ نکال دیا ہے، مشترکہ بیان

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 دسمبر۔2015ء) بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہد حسین اورپنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار نے کہاہے کہ اللہ کے فضل وکرم سے وفاق چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں شکست یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے۔تبدیلی کے نام پر یوبی جی نے ایک سال کے دوران کوئی کام نہیں کیا۔

تبدیلی صرف ایس ایم منیر اور ان کے خاندان کے لیے آئی ہے۔ایس ایم منیرکی دوغلی سیاست نے بزنس کمیونٹی کو کمزورکیاہے اورملکی برآمدات کا جنازہ نکال دیا ہے۔ہفتہ کوبزنس مین پینل کے آفس سے جاری مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ فیڈریشن میں برسراقتدار گروپ نے گزشتہ سال تبدیلی کے نعرے پر الیکشن لڑاتھا۔کلین شیو کی جگہ ایک باریش شخصیت آگیا یہی تبدیلی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں برسراقتدار گروپ تبدیلی تو نہیں لایا بلکہ ان کے رویوں میں تکبراور غرورضرورآیا ہے۔ایس ایم منیر کہتے ہیں کہ ہمارے پاس 98فیصد ووٹ ہیں جبکہ بی ایم پی کے پاس 10ووٹ بھی نہیں ہیں ۔یہ ان کے تکبر اور غرور کی بھی نشاندہی کرتا ہے جو شخص بڑا بول بولے گا اللہ تعالیٰ اس کا غرور مٹی میں ملائے گاکیونکہ غرور کا سر ہمیشہ نیچا ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی جانب سے دی جانے والی بجٹ تجاویز میں سے ہمیشہ حکومت 20تا 30فیصد تجاویز کو منظور کرتی تھی لیکن رواں بجٹ میں ایک بھی تجویز منظور نہیں کی گئی ۔نان فائلرز اور ودہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے پربزنس کمیونٹی سے رائے لینا بھی گوارانہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تاجر بتاتے ہیں کہ ہم جب اپنے مسائل فیڈریشن والوں کو بتاتے ہیں تو وہ ان کو حل کرنے کی بجائے جھڑک دیتے ہیں ۔

یہ لوگ حقیقی اسٹیک ہولڈرز نہیں ہیں ورنہ برآمدات میں 2ارب ڈالر کی کمی نہیں آتی جس کے بدلے میں 40ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہیں اس کا حساب دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جب ایس ایم منیرنے ٹی ڈیپ کی سی ای او شپ کی کرسی سنبھالی تو برآمدات میں 2ارب سے زائد اضافے کا اندازہ لگایا گیا تھا لیکن اس کے برعکس برآمدات میں15فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ گزشتہ 3سال سے سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا نہیں کئے جارہے ہیں جس سے تاجر شدید ترین مشکلات کا شکار ہیں ۔تاخیر کی وجہ سے ریفنڈ کی مالیت بھی80ارب سے بڑھ کر 225 ارب روپے ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیرنے بزنس کمیونٹی کی توکوئی خدمت نہیں کی ہے بلکہ جعلی ایسوسی ایشن کے ذریعہ اپنے بیٹے، بھتیجوں اور بھانجوں کو ضرورآگئے لائیں ہیں۔برسراقتدار گروپ کی کارکردگی سب پر عیاں ہوچکی ہے ۔بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے کہاکہ ہم ایمان داری کی سیاست کرنا چاہتے ہیں اقتدار کی نہیں ۔انشاء اللہ بزنس مین پینل نے خدمت کے جذبے سے سرشار اور مخلص امیدوارنامزد کرکے بزنس کمیونٹی کوگلدستہ پیش کردیاہے ۔

متعلقہ عنوان :