گھوٹکی میں وڈیرے کا ہیلتھ سنٹر پر قبضہ‘ 50 دیہات صحت کی سہولیات سے محروم

ہفتہ 19 دسمبر 2015 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء)گھوٹکی کے نواحی علاقے گاوں عبدالکریم مہر کے رورل ہیلتھ سینٹر کی بلڈنگ پر بااثر وڈیرے نے قبضہ کرکے اپنی زمینوں میں کام کرنے والے کاشتکاروں کی رہائش گاہ میں تبدیل کردیا۔ پچاس سے زائد دیہات بنیادی سہولیات سے محروم‘ علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا،زرائع کے مطابق گھوٹکی کے چولستانی علاقے گاوں عبدالحکیم مہر کے واحد حکومتی صحت مرکز پر بااثر وڈیرے نے قبضہ کر لیا۔

وڈیرے نے اس عمارت کو اپنی زمینوں میں کام کرنے والے کاشتکاروں کی رہائش گاہ میں تبدیل کردیا،چولستان میں قائم پچاس سے زائد چھوٹے بڑے دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے دیہاتی بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم ہو گئے جس سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، اس موقع پر اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں قائم بنیادی صحت مرکز کی بلڈنگ پر علاقے کے مقامی وڈیرے نے قبضہ کر کے اسے اپنی زمینوں کام کرنے والے کاشتکاروں کی رہائش گاہ میں تبدیل کردیا ہے جس سے اہل علاقہ صحت کی سہولیات سے محروم ہو گئے ہیں،اس علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی مریض شہروں میں قائم ہسپتالوں تک پہنچنے سے پہلے دم توڑ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس علاقے سے شہر تیس کلومیٹر کی دوری پر ہیں اور کچے راستے ہیں جس سے انہیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وڈیرے کے قبضے سے بلڈنگ کو خالی کروا کر علاقہ مکینوں کے لیے فعال کیا جائے،تاکہ علاقہ مکین صحت کی سہولیات سے مستفید ہوسکیں ۔