کراچی‘ ڈی جی ایکسائز اور اسسٹنٹ کیخلاف پراپرٹی کی غیرقانونی منتقلی کا مقدمہ

اتوار 20 دسمبر 2015 14:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 دسمبر۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کراچی شبیر احمد شیخ اور اے ای ٹی او ریاض جوکھیو سمیت پانچ افراد کے خلاف شیرشاہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ پلاٹ خالی کروانے کے لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر درج کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبیر احمد شیخ کے خلاف مقدمہ عدالت کے حکم پر شہری عبدالغفار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مدعی کا کہنا ہے وہ 1956ء سے اس جگہ کا مالک ہے۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شیخ اور دیگر افراد نے اسے اسلحہ دکھا کر جان سے مار کر بوری میں بند کرنے کی دھمکیاں دیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق مقدمہ زبردستی پلاٹ خالی کروانے کے لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام کے تحت عدالتی احکامات کے تحت درج کیا گیا۔مقدمے میں رحمان انگاریہ، جمیل جاوید، ندیم جاوید اور شکیل نامی افراد کو بھی نامزدکیا گیا ہے۔ تحقیقاتی افسر کا کہنا ہے عبدالغفار کو دھمکیاں دینے کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں۔ مدعی کا بیان سچ ثابت ہونے پر ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی کرینگے۔