مدرسہ اورسکول طالبات کیلئے امن سپورٹس گالا اختتام پزیر

پشاور میں پہلی بار مدرسہ کی طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا

اتوار 20 دسمبر 2015 16:56

مدرسہ اورسکول طالبات کیلئے امن سپورٹس گالا اختتام پزیر

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20دسمبر۔2015ء)پیس ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ فاونڈیشن اوریونیسف کے تعاون سے مدرسہ اور سرکاری سکولوں کی طالبات کیلئے منعقدہ امن سپورٹس گالا اختتام پزیر ہوگیا مدرسہ اقراء دارالعلوم قرآن الکریم حیات آباد پشاورمیں منعقدہ اختتامی تقریب میں طالبات نے اے پی ایس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سپورٹس گالا کا مقصد مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے درمیان خلاء کو کم کرناتھا۔

سپورٹس مقابلوں میں پشاور کے مختلف مدرسوں اورسکولوں کی 124سے زائد طالبات نے حصہ لیا جس میں بیڈمنٹن، کرکٹ اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے۔ پیڈفاونڈیشن کی فیلڈ کوارڈینیٹر فوزیہ علی نے لڑکیوں میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیں اس موقع پر مدرسہ اور سکولوں کی خواتین سربراہان بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ایک مدرسہ کی سربراہ شاندانہ اکرام نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے مدارس کی طالبات کیلئے اس قسم کی صحت مندانہ سرگرمیوں کا اہتمام خوش آئند ہے اپنی زندگی میں پہلی بارانھوں نے مدرسہ میں بچیوں کی حقیقی خوشی دیکھی ۔

سرکاری سکول کی استانی حسینہ وزیر نے بتایا کہ اس اقدام سے نہ صرف لڑکیوں میں خوداعتماد ی بڑھے گی بلکہ وہ کارآمد شہری بن کر ایک پرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام میں اپنا کردارادا کرسکیں گی۔ اس موقع پرطالبات نے کہا کہ اے پی ایس جیسے سانحات انھیں سکول جانے سے نہیں روک سکتے۔ ایک مدرسہ کی طالبعلم سنبول نے بتایا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے جو کوئی مذہب کے نام پر معصوم لوگوں کا قتل کرے وہ انسان کہلانے کے لائق نہیں تقریب کے آخر میں شہداء کی ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی ۔