وفاقی حکومت ووزارت داخلہ کی جانب سے” داعش“ کی پاکستان میں وجود بارے بار بار انکار کے دعوے جھوٹ کا پلندہ نکلے

خبیرپختونخواہ اور قبائلی علاقوں میں داعش کی خلافت سے متعلق ریڈیو نشریات نے عوام پر سکتہ طاری کردیا

اتوار 20 دسمبر 2015 17:12

وفاقی حکومت ووزارت داخلہ کی جانب سے” داعش“ کی پاکستان میں وجود بارے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20دسمبر۔2015ء) وفاقی حکومت ووزارت داخلہ کی جانب سے عالمی شدت پسند تنظیم” داعش“ کی پاکستان میں وجود بارے میں بار بار انکار کے دعوے جھوٹ کا پلندہ نکلے ،خبیرپختونخواہ اور قبائلی علاقوں میں داعش کی خلافت سے متعلق ریڈیو نشریات نے عوام پر سکتہ طاری کردیا ،سوشل میڈیا پر نشریات نے تہلکہ مچادیا ،نشریات نے ریڈیو ایف ایم 90 کو ہوامیں چلتی لہروں میں اپنی جگہ بنالی ہے ۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے ریڈیو نشریات کے خلاف کے پی کے حکومت سے تاحال جواب نہ طلب کیاجاسکاہے ۔ آن لائن کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق دنیا بھر میں دہشت کی علامت بنی ہوئی تنظیم داعش کی اپنی ریڈیو اسٹیشن ”خلافت ریڈیو“کی نشریات پہلی بار خیبرپختونخواہ اور قبائلی علاقوں میں فریکونسی ماڈےؤل (ایف ایم) 90پر صاف آواز میں سنائی دی جانے لگی ہے ۔

(جاری ہے)

داعش تنظیم کی ریڈیو خلافت کی آواز خیبرپختونخوا کے فاٹا سے متصل اضلاع اور قبائلی علاقوں میں پہلی بار سننے کے بعد عوام پر سکتہ طاری کردیاہے جبکہ سوشل میڈیا پر خلافت ریڈیو کی نشریات نے تہلکہ مچادیاہے ۔صاف آواز میں سننے والی خلافت ریڈیو کی نشریات نے خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں تک رسائی حاصل کرنے کے بعد ریڈیو ایف ایم 90کی ہوامیں چلتی لہروں میں اپنی جگہ بنالی ہے ۔

داعش نے اپنی تنظیم کے بارے میں عوام کو پیغامات پہنچاناشروع کردئیے ہیں ۔ داعش کی خلافت ریڈیو کی آواز ایف ایم 90کی لہروں میں شامل کرنے سے متعلق ریڈیو ماہرین کاکہناہے کہ مارکیٹ میں جدید ٹیکنالوجی دستیاب ہونے کی وجہ سے ٹرانسمیٹر اور بوسٹر کو کسی اونچی جگہ یا دور علاقے پر نصب کرنے سے باآسانی کسی بھی ایف ایم ریڈیو کی لہروں میں نہ صرف جگہ بنائی جاسکتی ہے بلکہ آسانی زیادہ سے زیادہ علاقوں تک آواز بھی پہنچائی جاسکتی ہے خلافت ریڈیو کی آواز زیادہ سے زیادہ سنی جانے لگی ہے ۔ماہرین کے مطابق جیمز نصب کرنے سے داعش کی خلافت ریڈیوکی نشریات کو روکاجاسکتاہے ۔