کراچی کے علاقے کورنگی سے بم دھماکوں میں ملوث 4 دہشت گرد گرفتار،اسلحہ برآمد،گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے ،ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں کا اعتراف بھی کرلیا ہے، ایس ایس پی سی ٹی ڈی عثمان باجوہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 دسمبر 2015 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20دسمبر۔2015ء) کراچی کے علاقے کورنگی چمڑا چورنگی میں کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے بم دھماکوں میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو کورنگی چمڑا چورنگی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکرتے ہوئے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد شاہد عرف زبیر ، محمد علی ، منظوراحمد اورعثمان غنی عرف بابا شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔عثمان باجوہ کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں کا اعتراف بھی کرلیا ہے جب کہ ملزمان نے 2011 میں گھاس منڈی رمی کلب میں بم دھماکاکیا جس میں 15 افرادجاں بحق ہوئے تھے،2011 میں ہی نگارسینما میں بم دھماکے کئے اوراسی سال ملزمان نے لی مارکیٹ میں بھی شراب کے اڈے پر دستی بم پھینکا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دستی بم ، کلاشنکوف اور 3 پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔