کراچی :رینجرز کا آپریشن ،4اہم دہشت گردوں سمیت20افراد گرفتار

پیر 21 دسمبر 2015 12:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21دسمبر۔2015ء) رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے 4 اہم دہشت گردوں سمیت ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث20 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا ، گرفتار شدگان کا تعلق کالعدم جماعتوں سے ہے اور ان سے اسلحہ اور تخریب کاری میں استعمال ہونیوالا سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظرآئی اورمختلف علاقوں میں چھاپے مار کر دہشت گردوں، کالعدم جماعتوں کے کارندوں اور ایک تنظیم کے عسکری ونگ کے ملزمان سمیت 20 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا، چھاپوں کے دوران ملزمان سے ایس ایم جی رائفلز سمیت بڑی تعداد میں آوان گولے اور دیگر ہتھیار برآمد کئے گئے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیاں گلستان جوہر، سرجانی ٹاوٴن، اورنگی ٹاوٴن، ایف بی ایریا، شیر شاہ، قائد آباد اور لیاری کے علاقے افشانی گلی میں کی گئیں۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ رینجرز حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی میں سی ٹی ڈی پولیس نے کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ ایس ایس پی عثمان باجوہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے ہے، ان سے دستی بم، کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کر لیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم گھاس منڈی رمی کلب دھماکے میں بھی ملوث ہیں، جس میں 16 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ دریں اثناء یہ ملزمان عید میلاد النبی کے جلوسوں پر حملے کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

متعلقہ عنوان :