17 واں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ ، عامر کیبلز نے گجرات سینئرز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

پیر 21 دسمبر 2015 13:40

17 واں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ ، عامر کیبلز نے گجرات سینئرز کو 8 وکٹوں سے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء) 17 ویں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ کا ریجنل سیمی فائنل میچ عامر کیبلز اور گجرات سینئرز کے درمیان جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں کھیلا گیا جو کہ عامر کیبلز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ عامر کیبلز کے کپتان شکیل ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گجرات سینئرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ صہیب فیصل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62، محمدشاہد 27 اور رومیل اجمل نے 24 رنز بنائے۔ عامر کیبلز کی جانب سے جمشید علی نے 4/53، ریحان رؤف 3/39 ، جاوید خان 1/33 اور شکیل ملک نے 1/35 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں عامر کیبلز نے 22.4 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

(جاری ہے)

بلال خلجی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں طرف آزادانہ اسٹروک کا استعمال کیا اور 94 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ جمشید علی نے 49 ناٹ آؤٹ، عمران کاظمی 46 اور جمشید سلمان نے 19 رنز بنائے۔ گجرات کی طرف سے ظہیر عاشق نے 1/46 اور ہمایوں نے 1/22 وکٹ حاصل کیں۔ اکمل حیات، رانا اشرف ایمپائر ، سہیل زیدی سکورر جبکہ سیمی الحق میچ ریفری تھے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی ، سی ای او عامر کیبلز عامر الیاس بٹ، ولید یعقوب ، منظور علی عارف ، ارشد محمود، قمبر علی شاہ اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے کرکٹ آرگنائزر کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کے کھیل کی تعریف کی۔ عامر الیاس بٹ نے ٹیم کی شاندار کار کردگی اور فائنل تک رسائی پر کھلاڑیوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ کھلاڑی فائنل میں بھی اپنے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :