پاکستان سپر لیگ ، پلاٹینیئم اور ڈائمنڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل

پیر 21 دسمبر 2015 14:02

پاکستان سپر لیگ ، پلاٹینیئم اور ڈائمنڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار21دسمبر- 2015ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کھلاڑیوں کی نیلامی میں پشاور زلمے نے ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کو حاصل کرلیا جبکہ کراچی کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور سمیت تمام ٹیموں نے بھی بڑے کھلاڑیوں کو حاصل کیا . پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل لاہور میں جاری ہے جہاں سب سے پہلی نیلامی لیگ کے آئیکون کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل شاہد آفریدی کی ہوئی جنھیں پشاور زلمے نے خریدا جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو کراچی کنگز نے حاصل کرلیا ۔ کوئٹہ نے انگلینڈ کے مشہور بلے باز کیون پیٹرسن ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن جبکہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کو لاہور قلندرز نے منتخب کیا .

پی ایس ایل کی 5 کیٹگریز میں سے پلاٹینیئم اور ڈائمنڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور کھانے کے وقفے کے بعد کیٹگری کے کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا . پی ایس ایل کی پلاٹینیئم اور ڈائمنڈ کیٹگری کے لیے پشاور زلمے نے شاہد آفریدی ، وہاب ریاض ، ڈیرن سیمی ، کامران کمل ، محمد حفیظ اور کرس جارڈن کا انتخاب کیا ہے ، کراچی کنگز نے شعیب ملک ، سہیل تنویر ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ، عماد وسیم ، روی بوپارا اور لینڈل سمنز کو سکواڈ میں شامل کیا ہے ، لاہور قلندرز کی ٹیم نے کرس گیل ، عمر اکمل ، ڈیون براوو ، محمد رضوان ، یاسر شاہ اور صہیب مقصود کا انتخاب کیا ہے ، کوئٹہ گلیڈئیٹرز نے انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ، احمد شہزاد ، سرفراز احمد ، انور علی اور جیسن ہولڈر کو سکواڈ میں جگہ دی ہے ، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں اب تک شین واٹسن ، مصباح الحق (کپتان) ، آندرے رسل ، سیموئیل بدری ، محمد عرفان اور بریڈ ہیڈن جگہ بنا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان نے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی باقاعدہ نیلامی کا اعلان کیا اور ان کی موجودگی میں کراچی کنگز کا لوگو متعارف کروایا گیا ۔ پاکستان سپر لیگ میں دنیا کے مشہور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جس میں سب سے زیادہ انگلینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے .

پاکستان سپر لیگ ، پلاٹینیئم اور ڈائمنڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا ..