ملک کا اچھا تاثر دینے کیلئے آئندہ پی ایس ایل پاکستان میں کرائیں گے، شہریار خان

پیر 21 دسمبر 2015 14:50

ملک کا اچھا تاثر دینے کیلئے آئندہ پی ایس ایل پاکستان میں کرائیں گے، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ اگلے سال پی ایس ایل پاکستان میں ہو جس سے پاکستان کا اچھا تاثر پیدا ہوگا۔پی ایس کھلاڑیوں کی نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا تجربہ پاکستانی کھلاڑیوں کے کام آئے گا،نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا اور کھلاڑیوں کی فیلڈنگ، بیٹنگ اور باؤلنگ بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کو مالی فوائد حاصل ہونگے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی بڑھے گی۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ریجنل کرکٹ کا انقلاب آرہا ہے ،فرنچائزز نے بہترین کوچز کاانتخاب کیا ہے،اگلے سال کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل پاکستان میں ہو،پی ایس ایل کے پاکستان آنے سے دنیا بھر میں اچھا تاثر جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین شہریار خان نے پی ایس ایل کراچی کی ٹیم کا لوگو لانچ کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایل پروجیکٹ ڈائریکٹر نجم سیٹھی نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کرکٹ کیلئے بہت اہم ہے،جیسے جیسے کھلاڑی منتخب ہوتے جائیں گے ،ٹیم بنتی جائے گی۔ہمارے لیے پی ایس ایل کی یہ تقریب بہت فخر کی بات ہے،ہم پی ایس ایل پاکستان لے کر ضرور آئیں گے۔رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سے پاکستان کو بہترین ٹیلنٹ ملے گا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔