پاکستان سپر لیگ ، پہلے دن کھلاڑیوں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، یونس خان پر کسی ٹیم کی نظر کرم نہ پڑی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 دسمبر 2015 16:17

پاکستان سپر لیگ ، پہلے دن کھلاڑیوں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، یونس ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار21دسمبر- 2015ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے روز کھلاڑیوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ، ہر ٹیم نے پلاٹینم ، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری میں سے 9،9 کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے ، قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان تاحال کسی سکواڈ کا حصہ نہ بن سکے ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والی نیلامی میں سب سے پہلی نیلامی لیگ کے آئیکون کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل شاہد آفریدی کی ہوئی جنھیں پشاور زلمے نے خریدا جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو کراچی کنگز نے حاصل کرلیا ۔ کوئٹہ نے انگلینڈ کے مشہور بلے باز کیون پیٹرسن ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن جبکہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کو لاہور قلندرز نے منتخب کیا .

پی ایس ایل کی 5 کیٹگریز میں سے پلاٹینیئم اور ڈائمنڈ اور گولڈ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل ہوچکا ہے . پی ایس ایل کی پلاٹینیئم ، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری کے لیے پشاور زلمے نے شاہد آفریدی ، وہاب ریاض ، ڈیرن سیمی ، کامران کمل ، محمد حفیظ ، کرس جورڈن ، تمیم اقبال ، جنید خان اور جیمز ایلیبینی کا انتخاب کیا ہے ، نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال کی ٹیم کراچی کنگز نے شعیب ملک ، سہیل تنویر ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ، عماد وسیم ، روی بوپارا ، لینڈل سمنز ، محمد عامر ، بلاول بھٹی اور جیمز ونس کو سکواڈ میں شامل کیا ہے ، لاہور قلندرز کی ٹیم نے کرس گیل ، عمر اکمل ، ڈیون براوو ، محمد رضوان ، یاسر شاہ ، صہیب مقصود ، مستفیض الرحمان ، کیون کوپر اور کیمرون ڈیلپورٹ کا انتخاب کیا ہے ، کوئٹہ گلیڈئیٹرز نے انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ، احمد شہزاد ، سرفراز احمد ، انور علی ، جیسن ہولڈر ، لیوک رائٹ ، ذوالفقار بار ، عمر گل اور ایلٹن چگمبھرا کو سکواڈ میں جگہ دی ہے ، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں اب تک شین واٹسن ، مصباح الحق (کپتان) ، آندرے رسل ، سیموئیل بدری ، محمد عرفان ، بریڈ ہیڈن ، شرجیل خان محمد سمیع اور خالد لطیف جگہ بنا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائز کل مزید 7 کھلاڑویوں کا انتخاب کریں گی جس میں 5 کرکٹرز سلور کیٹگری کے ہوں گے جب کہ دو کا تعلق ایمرجنگ کیٹگری سے ہوگا ، فرنچاءزز کو 4،4 متبادل کھلاڑی بھی چننے کا آپشن ملے گا ، یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں آئیکون کھلاڑیوں کو 2،2 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے ، پلاٹینم کیٹگری کے کھلاڑی ایک لاکھ چالیس ہزار ڈالر کمائیں گے ، ڈائمنڈ کیٹگری والوں کو 70000 ، گولڈ کیٹگری کے کرکٹرز 50000 ڈالر ، سلور کیٹگری کے کھلاڑی 25000 ڈالر اور ایمرجنگ پلیئر کی کیٹگری سے چنے جانے والے کھلاڑیوں کو 10000 ڈالر ملیں گے ، اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان نے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی باقاعدہ نیلامی کا اعلان کیا اور ان کی موجودگی میں کراچی کنگز کا لوگو متعارف کروایا گیا ۔ پاکستان سپر لیگ میں دنیا کے مشہور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جس میں سب سے زیادہ انگلینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے .

پاکستان سپر لیگ ، پہلے دن کھلاڑیوں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، یونس ..

متعلقہ عنوان :