آفات سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو ٹریننگ و تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،سیکریٹری جنرل پاکستان ریڈکریسنٹ

پیر 21 دسمبر 2015 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21دسمبر۔2015ء) سیکریٹری جنرل پاکستان ریڈکریسنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاہے کہ موجود ہ حالات اور کسی بھی آفات سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو ٹریننگ و تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کوپاکستان ریڈکریسنٹ پورا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے جس کی بدولت اب تک ہزاروں طلبہ و طالبات اور رضاکاروں کو کسی بھی سانحہ کے دوران فوری کئے جانے والے اقدامات کرنے کی ٹریننگ و تربیت فراہم کرچکی ہے جس پر انہیں انتہائی خوشی ہورہی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گلشن اقبال میں واقع گلستان اسکاوئٹس کیمپ میں اتوار کے روز پاکستان ریڈکریسنٹ سندھ برانچ کے تحت تین روزہ آٹھویں سالانہ یوتھ والنٹئرزفیلڈ کیمپ کے اختتامی روز مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ نوجوان ہی ملک میں بہتری لاسکتے ہیں جن کوٹریننگ و تربیت فراہم کرناضروری ہے جس میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات،بم دھماکے،آگ ،سیلاب ،طوفانی بارشیں ،زلزلے سمیت دیگر ناگہانی آفتوں کے دوران زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے لئے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ شہر کراچی میں سال میں متعدد بار چھوٹے بڑے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جن پر قابو پانے کے لئے اس طرح کی ٹریننگ و تربیت فراہم کرنا اچھا اقدام ہے اور وہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ برانچ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہیں اور اپنے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں۔سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کراچی ایک بہت بڑا شہر ہے جس میں ڈزاسٹر امینجمنٹ کے شعبے کو مضبوط کرنا ہوگا۔

بہت جلد پاکستان کے ہر یوسی لیول تک لوگوں کو تربیت مہیا کی جائے گی اور انکو پاکستان ریڈ کریسنٹ کورکا حصہ بنایا جائے گا۔ہماری یہ بھرپور کوشش ہے کے پاکستان کے ہر گھر میں کم سے کم ایک فرسٹ ایڈ تربیت آفتہ فرد ہو جو کے کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹ سکے اور اپنے ساتھ اور لوگوں کی جان بھی بچا سکے۔سندھ ریڈ کریسنٹ کے وائس پریزیڈنٹ سردار یاسین ملک نے کہا کہ والنٹرز معاشرہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جوکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے سال بھر اس طرح کی ٹریننگ و تربیت کا سلسلہ جاری رہتاہے جس سے فائدہ پہنچ رہاہے۔سندھ ریڈ کریسنٹ کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے کہاکہ صوبے بھر میں اس وقت 6ہزار سے زائد تربیت یافتہ رضا کارخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ ٹریننگ وتربیت میں بھرپور شرکت کریں اور سیکھنے کی کوشش کریں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ ریڈ کریسنٹ صوبے بھر کے نوجوانوں کو ٹریننگ و تربیت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے تاکہ وہ انسانیت کی خدمت بلا رنگ نسل کر سکے۔انکا کہنا تھا کہ بہت جلد پاکستان ریڈ کریسنٹ ملک بہر کے اسکولوں میں اسکول سیفٹی پروگرام کا انعقاد کرے گی جس کے تحت طلبہ اور طالبات و اساتذات کوہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

سندھ ریڈ کریسنٹ کے یوتھ والنٹرآفسر عاطف حسین نے کہا کہ تین روز ہ ٹریننگ کیمپ 18سے20دسمبر2015تک جاری رہا جس میں25اسکولوں کے 225طلبہ نے شرکت کی۔ان کا کہناتھاکہ ماہر ٹرینرز نے نوجوان رضاکاروں کو ٹریننگ و تربیت فراہم کی جس میں کسی بھی حادثہ سے نمنٹے کے دوران زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنا،ایمرجنسی ریسپونس،فائر فائٹنگ،کیمپ منجمنٹ سمیت دیگر ٹریننگ بھی فراہم کی گئی جبکہ ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے بارے میں بھی آگاہی اور اصول کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔اس موقع پرڈاکٹر ماجد علوی، شیخ جلال او ر سندھ اسکاوئٹ اسوسیئشن کے عہدیدار بھی موجودتھے۔ تقریب کے اختتام پر والنٹرز میں سرٹیفکٹ تقسیم کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :