کراچی، ڈاؤ یونیورسٹی میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے آن لائن ایپلیکیشن ٹریکینگ سسٹم متعارف

پیر 21 دسمبر 2015 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بیرونِ ممالک میں ملازمت کرنے والے پاکستانی گریجوئیٹس اور ڈاکٹروں کی تعلیمی دستاویزات کی توثیق کیلئے آن لائن ایپلیکیشن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرادیا ہے ۔مذکورہ سسٹم کو متعارف کرائے جانے کا مقصد امریکہ، برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں اپنی خدمات انجام دینے والے پاکستانی گریجوئیٹس اور ڈاکٹروں کو اپنی تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کیلئے سہولت فراہم کرنا ہے جو کہ اس وقت خاصہ مشکل اور پیچیدہ عمل ہے۔

ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی نے ایک سافٹ وئیر تیار کیا جس کے ذریعے ڈاکٹرز اپنی اسناد کی تصدیق کیلئے دی گئی درخواست کی مکمل معلومات حاصل کرسکیں گے۔ اس ضمن میں آج بروز پیر ڈاؤ میڈیکل کالج میں ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں اس سافٹ وئیر کو متعارف کروایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی اراکین سمیت طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مسعودحمید خان نے کہا کہ دورِ حاضر کی جدید ترین ضروریات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے عالمی معیار کے تناسب میں بیرونِ ممالک میں خدمات کی انجام دہی میں مصروف ڈاؤ گریجوئیٹس اور ڈاکٹروں کو اپنی تعلیمی اسناد کی توثیق کیلئے راہنمائی فراہم کرنے اور ان کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے درکار مطلوبہ رسائی کیلئے جامع حکمت عملی کی تشکیل کرتے ہوئے ایک مربوط نظام بنام آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کیا ہے جس کے تحت ڈاؤ گریجوئیٹ اور ڈاکٹرز اپنے قیمتی وقت اور انتظار کی زحمت سے بچتے ہوئے بذریعہ آن لائن سسٹم کے تحت اپنے درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ ڈپارٹمنٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاؤ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر جنید اشرف نے بتایا کہ یہ سسٹم بیرونِ ممالک میں ملازمت کرنے والے پاکستانی گریجوئیٹس اور ڈاکٹروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے متعارف کیا ہے۔ اس سسٹم کے درخواست گزار ایک اکاؤنٹ قائم کرسکیں گے تاکہ اس کے ذریعہ وہ اپنی درخواستیں جمع کرواسکیں اور پہلے سے جمع شدہ درخواستوں کی معلومات حاصل کرسکیں گے۔بعد ازں، ڈاؤ یونیورسٹی کے ایڈشنل ڈائریکٹر ایڈمنسٹرشن احمد خان نے سوفٹ وئیر کے بارے میں بتایا۔

متعلقہ عنوان :