پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کی کرکٹ کو عروج حاصل ہوگا ، شائقین کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ‘ شعیب ملک

پاکستان کا ایونٹ ہے ،پوری قوم کامیابی کیلئے اپنی کاوشیں کرے ،دعا ہے باقی سیزن کے میچز پاکستان کے میدانوں میں ہوں ‘ کرکٹر کی گفتگو

پیر 21 دسمبر 2015 19:10

پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کی کرکٹ کو عروج حاصل ہوگا ، شائقین کو ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء ) پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کیلئے منتخب کئے جانے والے کرکٹر شعیب ملک نے کہا ہے کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے پاکستان کی کرکٹ کو ایک عروج حاصل ہوگا ، پانچوں ٹیموں میں منجھے ہوئے کھلاڑی شامل ہوئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ لاہور میں گفتگوکرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کا اقدام اٹھا کر بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے جس سے آنے والے دنوں میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ کے انعقاد سے پاکستان کی کرکٹ میں ایک انقلاب پرپا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی لیگز کو دیکھتے ہوئے پاکستانی شائقین بھی اس کی خواہش کر رہے تھے جسے پی سی بی نے عملی شکل دیدی ہے ۔پی ایس ایل کی پانچوں ٹیموں میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں جس سے شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا ایونٹ ہے اس لئے پوری قوم کو اس کی کامیابی کے لئے اپنی کاوشیں کرنی چاہئیں۔ میری دعا ہے کہ پہلے مرحلے کے بعد اس کے باقی سیزن کے میچز پاکستان کے میدانوں میں ہوں ۔