کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت، آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران پر فرد جُرم عائد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 دسمبر 2015 11:42

کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت، آئی جی سندھ اور ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 22 دسمبر 2015 ء) :سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آئی جی سندھ اور دیگر افسران پر فرد جُرم عائد کر دی گئی ۔ واضح رہے کہ رواں برس تئیس مئی کو سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں یہ حادثہ پیش آیا ، جب نقاب پوش اہلکاروں نے صحافیوں اور ذوالفقار مرزا کے کارکنوں پر تشدد کیا تھا ۔

(جاری ہے)

حادثہ احاطہ عدالت میں پیش آیا تھا لہٰذا ذوالفقار مرزا نے حادثے کے خلاف دائر کی گئی درخواست میں کہا کہ احاطہ عدالت میں میڈیا نمائندوں اور کارکنان پر تشدد کیا گیا جو کہ توہین عدالت کے مترادف ہے لہذٰا پولیس اور دیگر ذمہ داران افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

عدالت میں آئی جی سندھ نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں صفائی کا موقع دیا جائے جس پرعدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس کیس پر تمام نامزد ذمہ داران کو بھر پور موقع دیا جا چکا ہے اورموقف بہت بار سنا جا چکا ہے ،۔ جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر پولیس افسران پر توہین عدالت کیس میں فرد جُرم عائد کر دی۔