انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کر لوں گا،ہاشم آملہ

منگل 22 دسمبر 2015 12:29

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کر لوں گا،ہاشم ..

ڈربن ۔ 22 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 دسمبر۔2015ء) جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف شیڈول ہوم ٹیسٹ سیریز میں اپنی کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے باکسنگ ڈے کے موقع پر ڈربن میں شروع ہوگا۔

پروٹیز ٹیم ان دنوں دباؤ میں ہے کیونکہ اسے بھارت کے ہاتھوں سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انگلش ٹیم اس پر وار کرنے کیلئے تیار ہے۔ آملہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاشبہ میری ناقص فارم تشویشناک ہے تاہم میرے حوصلے بلند ہیں، کھلاڑی کے کیریئر میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، ایلسٹرکک کو بھی دورہ آسٹریلیا میں ایشز سیریز کے دوران ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن انہوں نے ہوم سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے ایشز کا ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کیا میں بھی ان کی طرح ہوم سیریز میں اپنی کھوئی ہوئی فارم حاصل کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے پاس اچھا باؤلنگ یونٹ ہے اور یہاں کی وکٹیں ان کیلئے موزوں ہوں گی اسلئے سیریز میں کامیابی کیلئے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے نبھانا ہو گی۔