ڈی جی رینجر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں ٹائٹل کا دفاع کروں گی،رفعت خان

منگل 22 دسمبر 2015 13:00

ڈی جی رینجر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں ٹائٹل کا دفاع کروں گی،رفعت خان

اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22دسمبر۔2015ء) سکواش کی مایہ ناز کھلاڑی رفعت خان نے کہا کہ ڈی جی رینجر سکواش چیمپئن شپ میں ٹائٹل کا دفاع کروں گی۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجر سندھ اوپن سکواش چیمپئن شپ 26 سے 31دسمبر کراچی میں کھیلی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لاہور میں چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں بھر پور محنت کر رہی ہیں اور چیمپئن شپ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں ثمر انجم کو 3-2 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا اور فائنل میں زوہا خالد کو 3-1 سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، ایک سوال کے جواب میں رفعت خان نے کہاکہ ان حالات میں خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا بہت مشکل ہوگیا ہے کیونکہ بے روزگاری اور غربت کے اس دور میں اپنی مدد آپ کے تحت کھیلوں کا سامان ریکٹس اور بالیں خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن خواتین کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرے اور انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے خواتین کھلاڑیوں کو بھیجیں تاکہ خواتین کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید بہتری آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ تربیتی کیمپس بھی لگائے جائیں اور سکولز اور کالجز کی سطح پر بھی سکواش کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔