ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی پرسوں مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

منگل 22 دسمبر 2015 15:38

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی  پرسوں مذہبی عقیدت و احترام سے منائی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء) ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی جمعرات کو بمطابق 12ربیع الاوال مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ملک بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں رہائشگاہوں،شاہراہوں،گلی وکوچے اور بازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں،برقی قمقوں اور دیگر زیبائشی اشیاء سے سجا یا جارہا ہے جبکہ مساجد ،نجی و سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کر دیاگیا ۔

مختلف مقامات پر جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے جلوس نکالے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ 12ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق آقائے دو جہاں حضرت محمد کا یوم ولادت جشن عید میلاد النبی کل بروز جمعرات بمطابق 12ربیع الاول کومذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت ملک بھر میں سیمینارز ،کانفرنسیں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں علماء کرام، مشائخ عظام نبی کریم کے اسوہ حسنہ اور سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔

اس دن کی مناسبت سے محافل نعت و میلاد بھی منعقدہو ں گی جبکہ مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور ملک بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں رہائشگاہوں،شاہراہوں،گلی و کوچے اور بازار رنگ برنگے پرچموں ، برقی قمقموں ، آرائشی محرابوں ، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیاء سے سجایا جارہا ہے ۔

اس دن کی مناسبت سے ملک میں کئی مقامات پر جشن عید میلادالنبی کے کیک بھی کاٹے جائیں گے جبکہ مستحقین میں نیاز کی تقسیم بھی کی جائے گی ۔حکومت کی طرف سے جشن عید میلاد النبی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جشن عید میلاد النبی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظاما ت کو حتمی شکل دیدی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہزاروں کی تعداد میں افسران اور اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہونگے۔

متعلقہ عنوان :