اداکارہ میرا ایک بار پھر خوب بن ٹھن کر عدالت میں پیشی ، دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا

منگل 22 دسمبر 2015 15:43

اداکارہ میرا ایک بار پھر خوب بن ٹھن کر عدالت میں پیشی ، دیکھنے والوں ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء) اداکارہ میرا ایک بار پھر خوب بن ٹھن کر عدالت میں پیش ہوئیں جہاں انہیں دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا ، عدالت نے اداکارہ میرا کی جانب سے تکذیب نکاح کیس کی سماعت 16جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین اور گواہان کو طلب کر لیا ۔گزشتہ روز اداکارہ میرا مقدمے کی سماعت کے لیے خوب بن ٹھن کر لاہور کی سول عدالت میں پیش ہوئیں جہاں انہیں دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔

اداکارہ میرا سیاہ کوٹ، سیاہ چشمہ پہن کر بلیک لیڈی کے بھیس میں پیشی کیلئے آئیں۔ وکلا اپنے چیمبر چھوڑ کر اور پیشیوں پر آئے لوگ سماعتیں چھوڑ کر اداکارہ میرا کی ایک جھلک دیکھنے پہنچ گئے۔عدالت میں پیشی کے دوران اداکارہ میرا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ پر لگایا گیا الزام غلط ہے ۔

(جاری ہے)

نکاح نامہ ایک پبلک ڈاکیومنٹ ہے جس کی یونین کونسل سے باآسانی تصدیق کرائی جاسکتی ہے۔

اداکارہ میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمن کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نکاح نامہ 100فیصد درست ہے ، اداکارہ نکاح پر نکاح کی مرتکب ہوئی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 16جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے اداکارہ میرا، ان کے مبینہ پہلے شوہر عتیق الرحمن اور مقدمے کے گواہوں کو طلب کرلیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ نکاح نامہ جھوٹا اور جعلی ہے ، عتیق الرحمن سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے یہ سب کررہا ہے۔

میرا کسی کے ساتھ کوئی نکاح نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ انہیں انصاف ملے گا۔ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ سر تاپا سیاہ پوش ہیں مگر آپ کا پرس میچنگ نہیں ہے جس پر اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میچنگ پرس بھول گئی، آپ براؤن پرس کو کنٹراسٹ سمجھ لیں۔واضح رہے کہ عتیق الرحمن نامی شخص نے دعویٰ دائر کیا ہے کہ اداکارہ میرا اس کی بیوی ہے اور اداکارہ نے نکاح پر نکاح کرتے ہوئے کیپٹن نوید سے شادی کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :