بگ بیش ٹی ٹونٹی ، آرام کی غرض سے جمعرات، جمعے کو کوئی میچ نہیں ہوگا

بدھ 23 دسمبر 2015 12:11

بگ بیش ٹی ٹونٹی ، آرام کی غرض سے جمعرات، جمعے کو کوئی میچ نہیں ہوگا

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23دسمبر۔2015ء) بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آرام کی غرض سے جمعرات اور جمعہ کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائیگا۔ لیگ میں 26 دسمبر کو ایک میچ کھیلا جائیگا جس میں پرتھ سکارچرز اور برسبین ہیٹ کی ٹیمیں پرتھ کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی، میچ ڈے ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر دس منٹ پر شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ایونٹ بگ بیش لیگ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

پرتھ سکارچرز کی ٹیم ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے اسے مسلسل دو بار ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ 24 جنوری تک جاری رہنے والے ایونٹ میں آسٹریلیا کی 8 ٹیمیں جن میں پرتھ سکارچرز، سڈنی تھنڈر، سڈنی سکسرز، ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، میلبورن سٹارز، برسبین ہیٹ، میلبورن رینی گیڈز اور ہوبارٹ ہریکنز شامل ہیں ٹائٹلز کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کر رہی ہیں اور ان کے درمیان فائنل سمیت مجموعی طور پر 35 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کے لیگ میچز 18 جنوری تک کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل 21 اور دوسرا 22 جنوری کو کھیلا جائے گا جبکہ چیمپئن کا فیصلہ 24 جنوری کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل میں ہو گا۔