اسلام آباد : نواسی کی شادی کی کوئی تقریب ایوان وزیر اعظم میں نہ کرنے کا اعلان ، وزیر اعظم نواز شریف نے اعلی مثال قائم کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 دسمبر 2015 13:58

اسلام آباد : نواسی کی شادی کی کوئی تقریب ایوان وزیر اعظم میں نہ کرنے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 23 دسمبر 2015 ء) : وزیر اعظم نوازشریف نے اپنی نواسی کی شادی کی کوئی بھی تقریب ایوان وزیر اعظم میں نہ کرنے کا اعلان کر کے ایک اعلیٰ مثال قائم کر دی ہے. تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی نواسی آنسہ مہر النسا صفدر کی شادی اور رخصتی کی تقاریب آئندہ ہفتے کے روز لاہور میں ہوں گی ۔ وزیراعظم کی لاڈلی نواسی اور محترمہ مریم نواز شریف کی صاحبزادی مہر النسا نے حال ہی میں امتیازی اعزاز کے ساتھ برطانیہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی .

با وثوق ذرائع نے بتایا کہ اب وزیر اعظم نواز شریف کی رخصتی کے لئے ہفتہ بھر کی تقاریب کا آغاز جاتی امرا رائے ونڈ لاہور میں وزیراعظم نواز شریف کی نجی اقامت گاہ پر ہو گیا ہے. جن کی ابتدا ختم قرآن حکیم اور میلاد النبی کی محفل کے بعد ڈھولک رکھ کر روایتی انداز میں ہوئی، نجی اخبار کے رپورٹر محمد ڈالح ظافر کے مطابق سب سے پہلے ڈھولک کی ایک تقریب میاں نوازشریف کے چھوٹے عبادت گزار مرحوم بھائی عباس شریف کی رہائش گاہ پر ہوئی ، جس کے بعد مریم نواز کی خالہ اور دوسرے چچا کے گھر پر ڈھولک رکھی گئی.

اس طرح پورا خاندان باری باری ان خوشیوں میں شریک ہوگیا ہے اور اب شادی کے سلسلے میں گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

آنسہ مہر النسا کا نکاح مسجد نبوی میں رواں سال 27 رمضان المبارک کو ہوا تھا جس میں حق مہر شرعی نصاب سے طے ہوا تھا. وزیر اعظم نواز شریف کی نواسی کا نکاح رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیت منیر احمد چوہدری کے صاحبزادے راحیل منیر سے انجام پایا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے طے کیا ہے کہ رخصتی کی تقاریب بھرپور سادگی سے منعقد کی جائیں گی جس میں دونوں طرف سے صرف خاندان کے افراد ہی شرکت کریں گے، علاوہ ازیں کسی وفاقی یا صوبائی وزیر کو اس کے سیاسی عہدے یا منصب کے حوالے سے اس تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا۔شادی میں شرکت کے لیے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کے انتظامات کے لیے آئی جی پنجاب کو خصوصی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ شادی کی مختلف تقاریب کے حوالے سے حتمی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں.

جس کے مطابق پچیس دسمبر کو دلہن مہر النسا‌ء مایوں بیٹھیں گی، چھبیس دسمبر کو رخصتی ہوگی جبکہ ستائیس دسمبر کو ولیمہ ہوگا۔