پاکستان سپرلیگ، پشاور زلمی نے مقبولیت میں دیگر ٹیموں کو پیچھے چھوڑدیا

بدھ 23 دسمبر 2015 15:01

پاکستان سپرلیگ، پشاور زلمی نے مقبولیت میں دیگر ٹیموں کو پیچھے چھوڑدیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 دسمبر۔2015ء) پاکستان سپرلیگ، پشاور زلمی نے مقبولیت میں دیگر ٹیموں کو پیچھے چھوڑدیا۔پاکستان سپرلیگ کے پہلے ایڈیشن کے انعقاد قریب آتے ہیں ملکی شائقین کے جوش و جذبے میں نمایاں فرق آگیا ہے،ہر طرف پی ایس ایل کی باتیں ہورہی ہیں ،دیوانوں پر اس وقت کرکٹ کا جادوسرچڑھ کر بول رہاہے۔کھلاڑی خریدنے کے بعد سبھی ٹیموں نے سوشل میڈیا پر اپنی تشہیرکا عمل بھی تیز کردیاہے تاہم بوم بوم شاہد آفریدی کی وجہ سے پشاور زلمی کی ٹیم مقبول ترین سائیڈ بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

فیس بک پر پشاورزلمی نے سب کو مات دیتے ہوئے بدھ کی صبح تک ایک لاکھ اٹھارہ ہزار( 118000) لائکس حاصل کرلئے ہیں جس کی وجہ خالصتاً شاہد آفریدی ہیں جنہیں کارکردگی سے قطع نظر ملکی شائقین کی بہت بڑی تعداد پسند کرتی ہے۔اس طرح مصباح الحق کی موجودگی میں اسلام آباد یونائیٹڈ مقبولیت دوسرے نمبرپر رہی ہے جسے 79 ہزارلائکس ملے ہیں۔دوسری جانب لاہورقلندر نے 52ہزار لائکس حاصل کرکے ثابت کیاہے کہ اْس کے چاہنے والے بھی کم نہیں تاہم کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو تاحال سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پذیرائی نہیں ملی ہے۔