پاکستان سپر لیگ کے میڈیا حقوق کی من پسند اداروں کو فروخت کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت

بدھ 23 دسمبر 2015 16:37

پاکستان سپر لیگ کے میڈیا حقوق کی من پسند اداروں کو فروخت کی لاہور ہائیکورٹ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23دسمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان سپر لیگ کے میڈیا حقوق من پسند اداروں کو فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت چار جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کر لئے۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار شہزادہ مظہر نے موقف اختیار کیا کہ پی سی بی نے سپر لیگ کے میڈیا حقوق کی فروخت کے لئے نیلامی کا اشتہار جاری کیا مگر نیلامی کا عمل مکمل کئے بغیر ہی پی ٹی وی اور ٹینس سپورٹس کو میڈیا حقوق فروخت کر دئیے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے نیلامی کا عمل مکمل کئے بغیر قواعدو ضوابط کے برعکس میڈیا حقوق فروخت کئے لہذا عدالت غیر قانونی طور پر فراہم کئے گئے میڈیا رائٹس کے خلاف اقدام کو کالعدم قرار دے۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت چار جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست گزار کو مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا