ایف پی سی سی آئی الیکشن پر اثرانداز ہونے کیلئے وزیر اعظم کو مدعو کیا جا رہا ہے،سلطان چاولہ

الیکشن کے غیر جانبدارانہ ‘ منصفانہ انعقاد کیلئے ایکسپورٹ ایوارڈ تقریب جنوری کے پہلے ہفتے میں منعقد کی جائے،چیئرمین بزنس مین پینل

بدھ 23 دسمبر 2015 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23دسمبر۔2015ء) بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ، فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہد حسین ، پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار ،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریا عثمان ،کیپٹل ریجن کے چیئرمین مرزا عبدالرحمن،ثاقب فیاض مگوں،خرم سعید،رحیم یار خان چیمبر کے میاں محمود ، ٹرائبل چیمبر کے صدر شاہد الرحمن ‘ ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر کے صدر وسیم خان محسود ‘ مردان چیمبر کے صدر ظاہر شاہ ‘ ہری پور چیمبر کے صدر ملک محمد نذیر سمیت اٹک چیمبر ‘ میر پور خاص چیمبر ‘ ساہیوال چیمبر ‘ رحیم یار خان چیمبر سمیت متعدد چیمبرز و ایسوسی ایشنز کے صدور و دیگر عہدیداران نے پاکستان کی برآمدات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے، بزنس کمیونٹی کو تقسیم کرنے اور بزنس کمیونٹی کا سودا کرکے مفادات حاصل کرنے والوں نے اب الیکشن کے موقع پر ایکسپورٹ ایوارڈٹرافی تقریب کے نام پر وزیر اعظم کو مدعو کرکے الیکشن میں اثرا نداز ہونے کی کوشش کرناشروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو بزنس مین پینل کے آفس سے جاری مشترکہ بیان میں بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن30دسمبر کو منعقد ہو رہے ہیں اور الیکشن پر اثرانداز ہونے کیلئے فیڈریشن میں ایکسپورٹ ایوارڈکے نام پر وزیر اعظم میاں نوازشریف کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کو غیر جانبدارانہ ‘ منصفانہ منعقد کرانے کیلئے28تاریخ کو ایف پی سی سی آئی کے ایکسپورٹ ایوارڈ تقریب ملتوی کرکے اسے جنوری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے تاکہ جس گروپ نے رواں سال ملک کی برآمدات کو اڑھائی ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچایا ‘ بزنس کمیونٹی کو تقسیم کیا اب یہ سازشی ٹولہ وزیرا عظم کو مدعو کرکے پاکستان کی عوام اور بزنس کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کر رہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک ڈوبتا ہوا گروپ جو وزیر اعظم صاحب کو الیکشن اثرانداز ہونے کیلئے بلا رہا ہے جو کہ الیکشن کے قوانین ‘ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرانے کیخلاف ہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ‘ چیمبرز ‘ ایسوسی ایشنز نے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح وزیر اعظم پاکستان ضمنی الیکشنوں میں اس علاقہ کے دورے نہیں کرتے اور جنہوں نے ایک شاندار مثال قائم کی اسی طرح ایف پی سی سی آئی کے الیکشن سے 2دن پہلے کا بھی اپنا دورہ ملتوی کریں تاکہ بزنس کمیونٹی کا جو حکومت پر اعتماد ہے وہ برقرار رہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اور ایکسپورٹ کی تباہی کے ذمہ دار ایس ایم منیر وزیر اعظم پاکستان کو فیڈریشن کی سیاست میں ملوث کرکے بزنس کمیونٹی کو مزید تقسیم کرنے کے درپے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جب جنوری میں فیڈریشن آئیں گے تو پاکستان کی پوری بزنس کمیونٹی والہانہ استقبال کرے گی

متعلقہ عنوان :