کراچی ،بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کے وی وی آئی پی پروٹوکول نے دس ماہ کی معصوم بچی کی جان لے لی

سول اسپتال میں 50آپریشنز ملتوی ، آپریشن تھیٹرز دو گھنٹے غیر فعال رہے

بدھ 23 دسمبر 2015 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23دسمبر۔2015ء) کراچی کے علاقے لیاری میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے وی وی آئی پی پروٹوکول نے دس ماہ کے معصوم بچی کی جان لے لی ، وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث سول اسپتال میں 50آپریشنز ملتوی ، آپریشن تھیٹرز دو گھنٹے غیر فعال رہے ۔ لیاری کا رہائشی کفایت اپنے دس ماہ کی معصوم بچی بسمہ کو علاج کیلئے اسپتال لا رہا تھا کہ راستے میں سکیورٹی اہلکاروں نے یہ کہہ کر اسے آگے جانے سے روک دیا کہ اسپتال میں بلال بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ ٹراما سنٹر کا افتتاح کرنے آرہے ہیں آپ آگے نہیں جاسکتے ، بچے کے والد نے سکیورٹی اہلکاروں کی بار بار منتیں کیں مگر اسے آگے جانے کی اجازت نہ ملی ، بہت دیر کے بعد جب وہ اسپتال پہنچنے میں کامیاب ہوا تو اس کی بچی راستے میں دم توڑ چکی تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچی کو آنے میں دس منٹ کی تاخیر ہوگئی اگر اسے چند منٹ پہلے اسپتال لایا جاتا تو اس کی جان بچائی جاسکتی تھی ، بچی کے والد نے اسپتال کے احاطے میں بچی کی لاش ہاتھوں میں اٹھائے زار و قطار روتے ہوئے میڈیا سے فریاد کی کہ اسے بتایا جائے کہ اس کا قصور کیا ہے اور اسے اب انصاف کون دلائے گا۔ ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ بلاول بھٹو عزیز ہیں اور وزیراعلیٰ کی آمد پر سیکیورٹی ضروری ہوتی ہے۔

بچی کے انتقال پر افسوس ہے ، اگرسکیورٹی کی وجہ سے بچی کا انتقال ہوا ہے تو والدین سے معذرت خواہ ہوں۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو فون کرکے پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی رپورٹ 72گھنٹے میں طلب کرتے ہوئے اسپتالوں میں تقریبات کے انعقاد سے روک دیا ہے ۔ادھربلاول بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ کی اسپتال آمد کے موقع پر50 سے زائد آپریشنز ملتوی کئے گئے اور آپریشن تھیٹرز 2 گھنٹے تک غیرفعال رہے ۔