کراچی،لینڈ مافیا سے قیمتی زمین وا گزار کرانے پر آباد کے چیئرمین محمد حنیف گوہر کا ملیر کے ایس ایس پی راؤ انوار سے اظہار تشکر

بدھ 23 دسمبر 2015 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23دسمبر۔2015ء) لینڈ مافیا سے قیمتی زمین وا گزار کرانے پر ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے ضلع ملیر کے ایس ایس پی راؤ انوار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے پولیس کے وقار میں اضافہ جبکہ بلڈرز اور بزنس کمیونٹی میں احساس تحفظ کو مزید تقویت ملے گی اور اس سے کاروباری سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔

ایک بیان میں چیئیرمین آباد نے بتایا کہ لانڈھی میں بچہ جیل کے قریب ہمارے ممبر کی 8 ایکڑ اراضی(کھانٹو 89) پر لینڈ مافیا کے مسلح کارندوں نے قبضہ کرلیا تھا۔آباد کی ایک شکایت پر ہی ا یس ایس پی راؤ انوار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ہی زمین کو مسلح افراد سے خالی کرادیا۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں بلڈرز اور ڈیولپرز تعمیراتی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں لیکن انھیں زمینوں پر قبضوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث اربوں روپے کی سرمایہ کاری متاثر اور لاکھوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کی طرح اگر پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف اسی طرح بروقت کارروائیاں کرتی رہے تو کراچی کے شہریوں میں پولیس کے لیے مثبت تاثر پیدا ہوگا اور وہ جرائم کے خاتمے میں پولیس کا ساتھ بھی دیں گے۔

متعلقہ عنوان :