کراچی،بلدیہ میں پولیس کی زیر حراست نوجوان ہلاک

لواحقین کو انصاف نہ ملا تو ایوانوں میں آواز اٹھائینگے،خواجہ اظہار الحسن

جمعرات 24 دسمبر 2015 16:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) کراچی کے علاقے بلدیہ میں پولیس کی حراست میں نوجوان کی لاش موچکو کی ایک سڑک سے ملی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے،جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ لواحقین کو انصاف نہ ملا تو ایوانوں میں آواز اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے نوجوان عبدالقادر کو پولیس نے چوری کی شکایت پر چار روز پہلے سعیدآباد سے حراست میں لیا تھا،اس کی لاش موچکو کے علاقے سے ملی،واقعے کی اطلاع ملنے پر نوجوان کے گھر والے سعیدآباد تھانے پہنچے اور اپنے پیارے کی موت پر احتجاج کیا۔

ایس پی بلدیہ رئیس عبدالغنی کے مطابق نوجوان کو اے ایس آئی نذیر نے حراست میں لیا تھا، اس کا کہنا ہے عبدالقادر کو سعید آباد تھانے کے ڈیوٹی افسر کے حوالے کیا گیاتھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن، یوسف شاہوانی اور دیگر سعیدآباد تھانے پہنچ گئے،خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ عبدالقادر پر کوئی الزام تھا تو اسے گرفتار کیا جانا چاہئے تھا،انصاف نہ ملا تو نوجوان کی زیرحراست موت کا معاملہ تمام ایوانوں میں اٹھائیں گے۔ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر لواحقین نے احتجاج ختم کردیا۔

متعلقہ عنوان :