سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزامکمل کرنیوالے محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی تنازعات کی جڑ بننے لگی

جمعرات 24 دسمبر 2015 16:29

سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزامکمل کرنیوالے محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 دسمبر۔2015ء) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزامکمل کرنیوالے محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی تنازعات کی جڑ بننے لگی،قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی اور اوپننگ بلے باز محمد حفیظ نے قذافی سٹیڈیم میں جاری فٹنس کیمپ میں محمد عامر کی موجودگی پر کیمپ کا بائیکاٹ کردیا،قومی ٹیم کے دو سلیکٹرز نے بھی پی سی بی کو محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے پر استعفٰی کی دھمکی دیدی۔

جمعرات کو ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاری کیلئے قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری فٹنس کیمپ کے چوتھے روز قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور اوپنگ بلے باز محمد حفیظ نے محمد عامر کی کیمپ میں شمولیت پر فٹنس کیمپ کا بائیکاٹ کردیا،ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ جب تک محمد عامر فٹنس کیمپ میں شریک ہوں گے تب تک وہ فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کرینگے،جبکہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت پر تحفظات ہیں،اپنے موقف پر قائم ہوں جب تک محمد عامر کیمپ میں رہیں گے،میں فٹنس کیمپ میں شامل نہیں ہوں گاجبکہ اس حوالے سے کرکٹ بورڈ کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کروں گا،ملک و قوم کا نام بدنام کرنیوالے کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ اوراظہر علی کے علاوہ قومی ٹیم کے دیگر بعض کھلاڑیوں کو بھی محمد عامر کے کیمپ میں شریک ہونے پر تحفظات ہیں،کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اب اگر قومی ٹیم کوئی میچ ہاری توپھر سے فکسنگ کے الزامات لگنے شروع ہوجائیں گے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ سلیکٹرز کو بھی محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے پر تحفظات ہیں،قومی سلیکشن کمیٹی کے دو ارکان نے پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر ان پر محمد عامر کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا تووہ سلیکشن کمیٹی سے استعفی دے دیں گے،واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے پر کچھ سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے مخالفت کا اعتراف کیا تھاجبکہ قومی سلیکشن کمیٹی میں شامل کبیر خان نے واضح طورپر کہا تھا کہ اگر محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تووہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں رہیں گے۔