اظہر علی کو عامر بارے میں گمراہ کیا گیا ،بورڈ کپتان کو اعتماد میں لے ،حفیظ کیمپ میں نہیں بھی آتا تو کوئی بات نہیں، محمد یوسف

جمعرات 24 دسمبر 2015 18:13

اظہر علی کو عامر بارے میں گمراہ کیا گیا ،بورڈ کپتان کو اعتماد میں لے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ اظہر علی کو عامر کے بارے میں گمراہ کیا گیا ہے ، اظہر اور حفیظ کی کارکردگی کو اکٹھا بھی کر لیا جائے تو دونوں عامر کے مقابلے میں کارکردگی میں بہت پیچھے ہیں،جبکہ سکندر بخت نے کہا ہے کہ عامر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہوں لیکن یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ قومی ٹیم اظہر علی اور محمد حفیظ کے گھر کی نہیں بلکہ پاکستان کی ٹیم ہے انہیں اس معاملے کو باہر اچھالنے کی بجائے بورڈ سے بات کرنی چاہیے تھی۔

محمد عامر کی قومی ٹیم کے فٹنس اور تربیتی کیمپ میں شرکت پر اظہر علی اور محمد حفیظ کے بائیکاٹ بارے گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ جب ایک شخص اپنے کئے کی سزا بھگت چکا ہے اور معافی بھی مانگ چکا ہے تو اس کے ساتھ اس طرح کا سلوک روا نہیں رکھنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اظہر علی اچھا لڑکا ہے لیکن اسے گمراہ کیا گیا ہے ایسا کرنے والے ایک شخص کا نام تو سامنے آیا گیا ہے جبکہ دوسرا بھی جلد سامنے آ جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اظہر علی کو آن بورڈ لے جبکہ محمد حفیظ اگر کیمپ میں نہیں بھی آتا تو کوئی بڑی بات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر کی شمولیت سے قومی ٹیم کو فائدہ ہو سکتا ہے اس کے آنے سے پاکستان کا بالنگ اٹیک مزید مضبوط ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ محمد اسے اجازت دے چکا ہے پھر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

اظہر علی اور حفیظ دونوں اپنی کارکردگی کو اکٹھا بھی کر لیں تو ان کی کارکردگی عامر کے مقابلے میں کہیں کم ہے ۔ ویسے بھی بتایا جائے کس سے غلطیاں نہیں ہوئیں ۔ سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے اپنے واضح موقف پر قائم ہوں لیکن اظہر علی اور محمد حفیظ کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ اس معاملے کو باہر اچھالیں ، انہیں اس معاملے پر بورڈ سے بیٹھ کر بات کرنی چاہیے تھی ۔

اگرفرض کریں بورڈ دونوں پر پابندی لگا دیتا ہے اور باہر بٹھا دیتا ہے تو وہ کیا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم اظہر علی اور محمد حفیظ کے گھر ، محلے یا کلب کی ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی ٹیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامرکے اوپر لگا ہوا داغ ساری زندگی نہیں دھل سکتا اور یہ اس کا پیچھا کرے گا جب وہ گراؤنڈ میں ہوگا تو اس پر آوازیں لگائی جائیں گی ،ڈریسنگ روم کا ماحول بھی خراب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اظہر علی کو اپنی کارکردگی کو دیکھنا چاہیے ، پاکستان سپر لیگ میں انہیں آخری مرحلے میں چنا گیا ہے ۔