آئین کی حکمرانی کا اصول وفاقی حکومت نے سندھ پر حملہ آور ہو کر پامال کر دیا ہے،آصف علی زرداری

عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے جدوجہد کرتے رہیں،شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کا یوم قائد اعظم پر پیغام

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:20

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 139ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام سے کہا ہے کہ وہ قائداعظم کے جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر کاربند رہیں اور عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے جدوجہد کرتے رہیں۔

بابائے قوم نے ایک جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا تصور دیا تھا جہاں آئین اور قانون کی حکمرانی ہوگی اور جہاں ہر شہری کو بلاتخصیص مذہب، ذات، فرقہ، رنگ و نسل برابر کے مواقع ہوں گے۔ اس فلسفہ پر کاربند ہونے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آئین کی حکمرانی کا اصول وفاقی حکومت نے سندھ پر حملہ آور ہو کر پامال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اگر اس طرح آئین کو پامال کیا جاتا رہا تو قوم عدم استحکام اور بے یقینی کی دلدل میں پھنس جائے گی۔ اس موقع پر ہم اس عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ ان لوگوں کے خلاف لڑتے رہیں گے جو مذہب کے نام پر اس ملک کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ہم ان تمام فوجیوں، پولیس اہلکاروں اور عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتہاپسندی اوردہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

اس موقع پر سابق صدر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور آئین کو پامال کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیں، عسکریت پسندوں کے مذہبی بیانئے کو مسترد کر دیں اور ان تمام اقدار کی حفاظت کریں جس کے لئے قائداعظم کی سربراہی میں یہ ملک بنایا گیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی حفاظت اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر کارکن ان اقدار کے لئے لڑتا رہے گا جن سے پاکستان حقیقی طور پر ایک جمہوری ملک بن سکتا ہے اور جہاں آئین اور قانون کی حکمرانی مقدم ہو۔