آئی جی سندھ کی قائد اعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کرنے کی ہدایت

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور کرسمس کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق قائد اعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام گرجا گھروں ،مشینری اسکولز اور کرسچن کمیونٹی کے دیگر رہائشی مقامات کی فہرستوں کے مطابق ضلعی سطح پر اہلکار تعینات کیے جائیں ۔

آئی جی سندھ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس تقریبات کے آغاز سے اختتام تک تھانہ سپروائزی افسران علاقے میں موجود رہیں اور متعلقہ وائر لیس کنٹرول بیس سے رابطے میں رہتے ہوئے اپنی پوزیشن اور سکیورٹی کی صورت حال کی اطلاع دیتے رہیں ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے یوم پیدائش پر اعلیٰ حکومتی شخصیات سمیت عوام کی کثیر تعداد مزار قائد اعظم پر حاضری دے گی ۔

مزار کے اندرونی حصوں ،مرکزی گیٹ اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے ۔تمام ضروری انتظامات ،بم ڈسپوزل اسکواڈ ،سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر تمام پولیس رینجز میں مختلف تھانوں کے لحاظ سے پٹرولنگ ،پکٹنگ ،رینڈم اسنیپ چیکنگ ،موٹر سائیکل اور پیدل گشت کو انتہائی مربوط اور موثر بنایا جائے اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کے سلسلے میں سادہ لباس اہلکاروں کو خصوصی ذمہ داری سونپی جائے تاکہ ایڈوانس انٹیلی جنس کلیکشن اور شیئرنگ کی بدولت جرائم کی بروقت روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :