پاکستان میں نظام مصطفےٰ نافذ کرکے دم لیں گے، شبیر ابوطالب

جمعرات 24 دسمبر 2015 21:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 دسمبر۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان کا مرکزی جلوس مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل شبیر ابوطالب ودیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں ککری گراؤنڈ سے برآمدہوااور مزارچھٹن شاہ بابا ،بولٹن مارکیٹ،ڈینسوہال ،سعید منزل، تبت سینٹرسے ہوتاہوا نورانی چورنگی(نمائش ) پر اختتام پذیر ہوا۔ ایم اے جناح روڈ پر عیدمیلادالنبی کے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے جے یوپی کے مرکزی رہنما شبیر ابوطالب ، صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ سید عقیل انجم قادری ودیگر نے کہاکہ پاکستان میں نظام مصطفےٰ نافذ کرکے دم لیں گے،ملک ہمارے آباء واجداد نے بنایاتھااپنے بزرگوں کے مزارات اور خانقاہوں کا تحفظ کریں گے، میلادمناناہمارے خون میں شامل ہے،آج ملک بھر میں باالخصوص کراچی کی سڑکوں پر عوام اہلسنّت کا ٹھاٹھیں مارتاسمندراس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم عشق مصطفےٰ سے مالامال ہے اور جس قوم کے پاس رسول اللہ کا عشق ہے اسے دنیاکی کوئی طاقت دبانہیں سکتی، فروعی مسائل میں فتوے دینے والے سعودی مفتیء اعظم اور حرمین الشریفین کی آمدن پر پلنے والے حکمران گستاخان رسول کے خلاف واضح موٴقف اختیارکیوں نہیں کرتے؟مسلم ممالک فرانس اور دیگر گستاخ سے سفارتی تعلقات منقطع کریں، تحفظ ناموس رسالت کے لئے اوآئی سی وعرب لیگ اپناکرداراداکریں،تحفظ ناموس مصطفےٰ کے جذبے نے پوری امّت کو متحد کردیاہے، غازی ملک ممتازحسین قادری امت مسلمہ کا ہیروہے، ان کے ساتھ مجرموں والاسلوک نہ کیاجائے،پاکستانی حکمران دینی حمیت وغیرت کا مظاہرہ کریں اور غازی ممتازحسین قادری کو فی الفوررہاکریں، انقلاب نظام مصطفےٰ اس ملک کا مقدر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج عاشقان مصطفےٰ نے سرکاردوعالم سے اپنے عشق کا بھرپوراظہارکرکے ثابت کردیاہے کہ یہ شہر غلامان مصطفےٰ کا ہے ، انہوں نے کہاکہ غلامان مصطفےٰ بیداراور ناموس رسالت ، مقام مصطفےٰ اور عقیدہ ء ختم نبوت کے تحفظ کے لئے تیارہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوگاملک ترقی نہیں کرسکتا ، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور فوج کے ساتھ ہیں، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھاجائے ،سیاسی طاقتوں کو ایک پیج پر آناہوگا،ان پارٹیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جن کی صفوں میں دہشتگرد پناہ گزین ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اہلسنّت متحدہورہے ہیں استحصال برداشت نہیں کریں گے اپنے حقوق چھین کر لیں گے۔مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے کفارکے حوصلے بڑھادیئے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاکر وہ باربار نبی پاک کی شان اقدس میں باربار گستاخی کی ناپاک جسارت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلمان اب بیدارہوچکے ہیں اور اپنے آقاومولیٰ کی حرمت وناموس کی خاطر متحد ہیں ، مسلم حکمران بھی اب متحد ہوں اور اپنافعال کرداراداکرتے ہوئے اقوام عالم کو اقوام متحدہ کے ذریعے تقدیس وناموس رسالت کیلئے موٴثر قانون سازی پر مجبورکریں۔

ناموس رسالت کا تحفظ ہرصاحب ایمان کے تحفظ ایمان کا مسئلہ ہے ، حکمران اس نازک معاملے میں کسی لیت ولعل سے کام نہ لیں اور قوم کے جذبات کی ترجمانی کریں۔مقررین نے کہاکہ دین اسلام میں جس چیزکوسب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے وہ تعظیم رسول ہے، مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتاہے لیکن اپنے نبی کی شان میں گستاخی ہرگزبرداشت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ ہم اس امت کے عاشقان مصطفےٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے پوری دنیاکے سامنے اپنامقدمہ پیش کررہے ہیں، اگر مغرب کا یہی طرزعمل رہاتوہماری آئندہ نسلیں انتہاپسندی کی جانب بڑھ سکتی ہیں،اگر مغرب دنیامیں چاہتاہے تو ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں بند کردے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں کا عجب دہرامعیار ہے کہ ان کے نزدیک داڑھی اور پگڑی والادہشتگرد ہے اور سوسو قتل کرنے والے دہشتگرد معصوم شہری ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ شہدائے نشترپارک سانحہء بارہ مئی ، سانحہء فیکٹری ایریا بلدیہ ٹاؤن سمیت حکیم سعید، ڈاکٹرسرفرازنعیمی، صلاح الدین مدیرتکبیر، صحافی ولی خان بابرسمیت تمام نامزدقاتلوں اور ذمہ داران کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے۔

ہم پاکستان کی پرامن اکثریت ہیں لیکن ہماری امن پسندی کو ہمیشہ ہماری کمزوری سے تعبیر کیاجاتارہاہے،اب یہ سلسلہ بندہوناچاہئے کہیں ایسانہ ہوکہ امن والے بھی ہاتھوں میں ہتھیارلے کر سڑکوں پر آجائیں۔جے یوپی کے مرکزی رہنماشبیر ابوطالب نے علی الصبح کورنگی، لانڈھی ،شاہ فیصل اور دیگر علاقوں سے نکلنے والے علاقائی جلوسوں کی بھی قیادت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

علاوہ ازیں جے یوپی کے صوبائی ناظم علامہ السید عقیل انجم قادری، مولاناخلیل احمدنورانی ،عبدالعزیز میئو، یونس نورانی ودیگر نے کورنگی، راؤمنظورعلی القادری، عبدالحفیظ انصاری ودیگر نے لانڈھی،جے یوپی کراچی کے جنرل سیکریٹری مفتی بشیرالقادری نورانی ، علامہ عبدالقدیر قادری، علامہ شاہدنورانی، علیم الدین نورانی ودیگرنے اورنگی ٹاؤن، جے یوپی کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی ، علامہ شوکت حسین مغل ودیگرنے نیوکراچی اور گلبرگ، علامہ عثمان غوری، حاجی سلمان شیخ، محمودعسکری، کاشف نورانی ودیگر نے لیاقت آباد،خطیب اہلسنّت علامہ غلام یٰسین گولڑوی، قاری رفیق چشتی، پیر عبدالجبارچشتی، صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی ودیگر نے بن قاسم ٹاؤن، قاری عاشق فریدی، قاری جہانزیب ہزاروی ، عبدالغفارشیخ نے گڈاپ ٹاؤن،مولاناعبدالرحمٰن صابری، محمدجاوید سعید قادری ودیگر نے ملیرٹاؤن، جے یوپی کے مرکزی نائب صدر پر طریقت مفتی محمدعبدالعلیم قادری،مفتی نثاراحمدقادری، جمیل احمدخان، زاہدرانا، مہتاب نورانی، نسیم احمدخاں غوری،مولاناارشدقادری ودیگر نے شاہ فیصل ٹاؤن، حافظ شاہداللہ نورانی، اشفاق باجوہ، مولانافقیرمحمدعطاری نے گلشن اقبال ٹاؤن،جے یوپی کراچی کے سینئر نائب صدرمفتی محمدرفیع الرحمان نورانی، قاری ہدایت الرحمٰن، قاری ضمیر احمدسعیدی ودیگر نے سائٹ ٹاؤن ، مولانا عبدالمجید نوری، ڈاکٹرولی مصطفائی ودیگر نے بلدیہ ٹاؤن، مولاناعبدالغفاراویسی ودیگر نے سعیدآباد، مولاناکبیر احمدقادری، حافظ عبدالشکورنورانی ودیگر نے کیماڑی ٹاؤن، حاجی عبدالرحیم نورانی، شیخ عبدالوحیدیونس، زبیر نورانی،سید محمدعباس نورانی، قاضی شکیل نورانی، عاطف نورانی ودیگر نے صدرٹاؤن، سردارنسیم یونس، مولاناہارون نعیمی ودیگر نے جمشیدٹاؤن اور دیگر علاقوں سے جے یوپی کے تحت نکالے گئے جلوسوں کی قیادت کی ۔

اس موقع پر علماء کرام نے بے مثال اور تاریخی جشن ولادت باسعادت منانے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور اداروں کی جانب سے جشن ولادت کے شایان شان انتظامات نہ کرنے اور عیدمیلادالنبی سرکاری سطح پر نہ منانے کا شکوہ نہیں کریں گے کیونکہ یہ اعزازصرف اورصرف غلامان مصطفےٰ کا ہے ،نفاذ نظام مصطفےٰ کے لئے متحدہورہے ہیں ،غاصبوں اور لٹیروں کو ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔ہر ایوان میں نعرہء رسالت کی گونج ہوگی اور گلی کوچے درودوسلاموں کی خوشبوؤں سے مہکیں گے۔

متعلقہ عنوان :