کراچی،خورشید شاہ کے بیٹے کی شادی ،وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بد ترین ٹریفک جام

جمعرات 24 دسمبر 2015 23:39

کراچی،خورشید شاہ کے بیٹے کی شادی ،وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بد ترین ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24دسمبر۔2015ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے بیٹے کی شادی پر وی وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے ہوٹل کے اطراف کی سڑکیں بند ہو گئیں جس کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہو گیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے بیٹے کی شادی کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فیز 8میں واقع ایک ہوٹل میں ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو ،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ سمیت کئی اہم رہنماوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ،سپیشل سیکیورٹی یونٹ اور سندھ پولیس کے ہزاروں اہلکار شادی کی سیکیورٹی پر تعینات رہے جس کی وجہ سے ہو ٹل کے اطراف کی ٹریفک شدید بدنظمی کا شکار ہو گئی اور ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل بلاول بھٹو کی کراچی کے سول ہسپتال آمد پر وی وی آئی پی پروٹو کول نے دس ماہ کی بچی کی جان لے لی تھی۔