تُرک صدر طیب اردگان نے ایک شخص کو خود کُشی کرنے سے روک لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 دسمبر 2015 11:30

تُرک صدر طیب اردگان نے ایک شخص کو خود کُشی کرنے سے روک لیا

استنبول (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 26 دسمبر 2015 ء): تُرک صدر نے استنبول کے بوسپھورس پل پر ایک شخص کو خود کُشی کرنے سے روک دیا. تفصیلات کے مطابق بوسپھورس پل، جو ایشیا کو یورپ سے منسلک کرتا ہے پر جب ایک شخص خودکشی کرنے کے لیے چڑھا تو اسی موقع پر تُرک صدر رجب طیب اردگان کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ مقامی میڈیا پر دکھائی گئی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ تُرک صدر کے محافظ خود کُشی کی کوشش کرنے والے اس روتے ہوئے شخص کو ان کے پاس لے کر آئے جنہوں نے گاڑی کی کھڑکی سے اس سے بات کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مذکورہ شخص نے تُرک صدر کے ہاتھوں پر بوسہ بھی دیا۔دوغان نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص کو باحفاظت وہاں سے لے جایا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ پولیس تقریباً دو گھنٹوں سے اس شخص کو خودکشی نہ کرنے پر قائل کررہی تھی جس نے پُل پر ہی اپنی گاڑی چھوڑ دی اور پل پر چڑھ گیا تھا۔دوغان کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص گھریلو مسائل کے باعث کافی عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھا۔ تُرک صدر کے محافظوں کےاس شخص کو بچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی آچُکی ہے آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: