پاکستانی نوجوان لڑکی کا پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل تک کا ناقابل یقین سفر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 دسمبر 2015 14:44

پاکستانی نوجوان لڑکی کا  پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل تک کا ناقابل یقین ..

اسرائیل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 26 دسمبر 2015 ء) : سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک پاکستانی نوجوان لڑکی کی پوسٹ خاصی وائرل ہو گئی ہے ۔ مذکورہ پاکستانی لڑکی صبا رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل پہنچی ہے۔ جبکہ دوسری جانب پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ  پاکستانی پاسپورٹ دنیا بھر کے ممالک کے لیے کارآمد ہے ماسوائے اسرائیل کے، علاوہ ازیں پاسپورٹ پر بھی یہ الفاظ واضح طور پر لکھے جاتے ہیں کہ یہ پاسپورٹ سوائے اسرائیل کے  دنیا کے تمام ممالک کے لیے کار آمد ہے۔

صبا رشید کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین ایک ہی سوال پر مصروفٍ بحث ہیں کہ ایسا آخر کیسے ممکن ہوا ہے؟؟ فیس بُک پر اپنی پوسٹ میں صبا رشید کا کہنا ہے کہ میرے پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر یہ درج ہے کہ یہ پاسپورٹ سوائے اسرائیل کے  دنیا کے تمام ممالک کے لیے کار آمد ہے۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے باوجود میں اپنے گھر واپس آ گئی ہوں۔ اپنی پوسٹ میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صبا رشید کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو اسرائیل کے وجود کا اعتراف کر لینا چاہئیے۔

صبا نے مزید کہا کہ دنیا کے نقشے اور ہمارے دلوں میں اسرائیل ایک ملک تھا ، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پوسٹ کے آخر میں مذکورہ نوجوان لڑکی نے ایک امریکی ادارے  کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب ان ہی کی بدولت ممکن ہو پایا ہے۔ صبا رشید نے اس پوسٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شئیر کی جس میں ان کا پاکستانی پاسپورٹ اور اس کے عقب میں لکھا ”اسرائیل میں خوش آمدید“ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔