رواں برس بھی کراچی میں ڈاکوؤں ،چوروں کا راج،شہری ہزاروں موبائل فونز سے محروم

شہر قائد میں موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آنا ، اسلحہ دکھانا اور موبائل فون چھین کر لے جانامعمول بن گیا

ہفتہ 26 دسمبر 2015 17:00

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء ) رواں برس بھی کراچی میں ڈاکؤوں اور چوروں کا راج ،شہرقائد کی سڑکوں پر شہری 35933 موبائل فونز سے محروم کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آنا ، اسلحہ دکھانا اور موبائل فون چھین کر لے جانا یہ صورت حال کراچی شہر کے محض چند علاقو کی نہیں بلکہ پورے شہر میں ہے ۔

لوٹ مار کے اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو گمان ہوتا ہے کہ جیسے ڈاکؤوں کا مشغلہ ہی موبائل فون چھیننا ہو ، سی پی ایل سی کے اعدادوشمار کے مطابق سال 2015 کے پہلے مہینے میں 2280 موبائل فون چھینے گئے جبکہ ایک ہزار 561 موبائل فون چوری ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے ۔ فروری کے مہینے میں 1787 موبائل فون چھینے اور 1282 موبائل فون چوری کیے گئے ۔

(جاری ہے)

مارچ کے مہینے میں موبائل فون چھیننے کے حوالے سے اسٹریٹ کرمنلز سب سے زیادہ حرکت میں نظر آئے اور اس مہینے میں 1914 موبائل فون چھینے اور 1551 موبائل فونز چوروں نے ہاتھ صاف کیے ۔

ماہ اپریل میں 1782 موبائل فونز چھینے جانے کے واقعات سی پی ایل سی کے ریکارڈ کا حصہ بنے جبکہ اسی ماہ 1523 موبائل فونز چوروں کے ہاتھ لگے ، مئی کے مہینے میں بھی ڈاکو ایک ہزار 655 موبائل فون لے اڑے جبکہ 1615 موبائل فون چوری کیے گئے ۔ جون میں بھی موبائل فونز کی چھینا جھپٹی عروج پر رہی ۔ 1324 موبائل فون چھینے اور 1293 موبائل فون چوری کیے گئے ۔ سال کے ساتویں مہینے جولائی میں بھی شہر میں موبائل فون لفٹروں کا راج رہا اور سڑکوں پر موبائل فون لفٹرز دندناتے رہے ۔

1804 شہری اپنے موبائل فونز سے محروم ہوئے جبکہ 1377 موبائل فون چوری ہونے کی شکایات سی پی ایل سی کو موصول ہوئیں ۔ اگست کے مہینے میں بھی سڑکوں پر آزاد رہزنوں نے 1723 موبائل فون اسلحہ کے زور پر چھین لیے اور 1651 موبائل فونز چوری ہوئے ، ماہ ستمبر بھی کراچی والوں کے لیے کچھ کم ستمگر ثابت نہ ہوا اس مہینے میں 3108 موبائل فونز پر رہزن اور چور ہاتھ صاف کر گئے ۔

ماہ اکتوبر میں 1719 موبائل فون شہریوں سے چھینے گئے اور 1492 موبائل فون چوری ہوئے ۔ نومبر میں بھی شہریوں سے چھینا جھپٹی کے واقعات کا تسلسل برقرار رہا اور 1885 موبائل فونز چھینے اور 1607 موبائل فون چوری کیے گئے جبکہ سال کے آخری مہینے دسمبر میں بھی شہر قائد میں موبائل فون لفٹرز نے شہریوں کو نہ بخشا اور موبائل فون ہاٹ کیک بنا رہا ۔ 2000 سے زائد موبائل فونز سے شہریوں کو محروم کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :