مودی نے پاکستان کا اچانک دورہ کرکے سب کو حیرا ن کردیا، وزیراعظم کا دورہ پاکستان طے نہیں تھا ،بھارتی وزیر داخلہ

مودی کا دورہ لاہور ،اٹل بہاری واجپائی کے دورے کا تسلسل ہے ،موجودہ قیادت سابق وزیراعظم کے اقدامات کو آگئے بڑھائے ،پاکستان اور بھارت کو دہشتگردی سے نجات کیلئے دوستی مزید مضبو ط کرنی چاہیے،ایل کے ایڈوانی

ہفتہ 26 دسمبر 2015 19:58

مودی نے پاکستان کا اچانک دورہ کرکے سب کو حیرا ن کردیا، وزیراعظم کا دورہ ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 دسمبر۔2015ء ) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کابل سے واپسی پر پاکستان کا اچانک دورہ کرکے سب کو حیرا ن کردیا،بھارتی وزیراعظم کا دورہ پاکستان طے نہیں تھا ہم سب حیران رہ گئے۔ہفتہ کو بھارتی میڈیاکے مطابق وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب انھیں وزاعظم نریندر مودی کا کابل سے واپسی پر لاہور میں اچانک نوازشریف سے ملاقات کا پتہ چلا تو وہ حیران رہ گئے ۔

انھوں نے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ پاکستان طے نہیں تھا ہم سب یہ سن کر حیران تھے ۔راجناتھ سنگھ نے کہاکہ دنیا بھر میں اس طرح کی سفارتکاری کا کبھی مشاہد ہ نہیں کیا گیا۔وزیراعظم کا دورہ پاکستان قابل ستائش ہے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے بعد نریندر مودی نے دنیا کے سامنے ملک کی عظمت اور قوم کے وقار کو بلند کیا ہے ۔ دوسری جانب بی جے پی کے سینئر رہنما سابق نائب وزیراعظم لال کرشن ایڈوانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نریندر مودی کے دورہ پاکستان اور نوازشرے سے ملاقات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اٹل بہاری واجپائی کے گیارہ سال قبل دورہ لاہور کی یاد تازہ ہوگئی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ موجودہ قیادت کو واجپائی کے اقدمات کو آگئے بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ انھوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے جس باب کا آغاز کیا تھا اب مودی سمیت دیگر قیادت کو اسے مزید آگے بڑھانا چاہے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہونی چاہیے تاکہ دونوں ممالک دہشتگردی کے عفریت سے نجات حاصل کرسکیں۔