وفاق کو کمزور کرکے پاکستان کی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

قائداعظم مضبوط مرکز اور خوشحال اور کرپشن سے پاک پاکستان چاہتے تھے،ان کے خواب کو مسخ کیا جارہا ہے

ہفتہ 26 دسمبر 2015 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کو علاقائی مسائل میں الجھنے کے بجائے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں، رینجرز کو اختیارات نہ دیئے جانے پر صوبائی حکومت کے رویئے نے سندھ کے شہری علاقوں کے مہاجروں کو بری طرح مایوس کیا ہے ۔

عوام قائداعظم کے پاکستان کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کیلئے سب سے پہلے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کرنا ہوگا۔ وہ قائداعظم کے یوم پیدائش پر ’’ایوان مہاجر ‘‘ میں منعقدہ کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ جس سے جنرل سیکریٹری بہارالدین شیخ، کراچی کمیٹی کے رہنما عمیر وہاب، اعجاز، کامران، ندیم زیدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ صوبائی حکومت کرپشن کے خاتمے کے بجائے کرپشن کے فروغ میں مصروف ہے اور ہر کرپٹ افسر کی حمایت میں سینہ سپر ہوکر کھڑی ہے۔ جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پیپلزپارٹی کے حکمران نہ صرف کرپٹ بلکہ کرپشن کی وجہ بھی بنے ہوئے ہیں۔ جس سے سندھ کے شہری علاقوں میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی خودمختاری کے نام پر خود اختیاری کی طرف پیش قدمی کی جارہی ہے جس کے تدراک کیلئے اسٹیبلشمنٹ کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نئی آئین سازی کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ وفاق کو کمزور کرنے سے پاکستان کی وحدت کو نقصان پہنچے گا اور قائداعظم کا خواب بکھر کر رہ جائیگا۔قائداعظم مضبوط مرکز ، خوشحال اور کرپشن سے پاک پاکستان چاہتے تھے ، جن کے خواب اور نظریئے کا تمسخر اُڑایا جارہاہے۔

متعلقہ عنوان :