انسانیت سسک رہی تھی، پورا عرب کفر اور برائیوں کے دلدل میں دھنسا ہوا تھا ،نائب قیم جماعت اسلامی ضلع غربی

ہفتہ 26 دسمبر 2015 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) ہم اﷲ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے ہمیں مسلم گھرانے میں پیدا کیا اور ایمان کی دولت سے سرفراز کیا۔ پاکستان ایک مسلم ملک ہے مسلم حکمران ہے لیکن اس کے باوجود پورا معاشرہ برائیوں سے لبریز ہے ۔ جھوٹ ، فریب اور بے ایمانی کا چلن عام ہے ۔ بھائی بھائی کا دشمن بنا ہوا ہے زبان اور فرقے کی بنیاد پر امت کو تقسیم کردیا گیا ہے۔

یہ بات نائب قیم جماعت اسلامی ضلع غربی خالد زمان شیخ نے PS-96 کے تحت نورانی مسجد باب اورنگی میں ہونے والے سیرت النبی ﷺ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ؐ جب تشریف لائے تو اس وقت انسانیت سسک رہی تھی پورا عرب کفر اور برائیوں کے دلدل میں دھنسا ہوا تھا ظلم اور بربریت کا راج تھا ۔

(جاری ہے)

آپ ﷺ نے اس گمراہ قوم کو گمراہیوں اور کفر کے اندھیروں سے نکالا اور انھیں ہدایت کا راستہ دکھایااور انکی زندگیوں کو بدل دیا ۔

جو رہزن تھے وہ رہبر بن گئے ، جو عزتوں کو پامال کرنے والے تھے وہ عزتوں اور عصمتوں کے محافظ بن گئے۔ جو خائن تھے وہ امانت دار بن گئے۔جہاں غلام اور آقا میں کوئی تفریق باقی نہیں رہی ۔جہاں زبان ، رنگ ونسل کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں تھا ، بڑائی اگر کسی کو حاصل تھی تو اسکا معیار تقویٰ تھا۔نبی اکرم ﷺ کی مجلس میں حضرت بلالؓ اور حضرت خبابؓ جیسے غلام اور عرب کے سردار حضرت عمرؓ اورحضرت خالد بن ولیدؓ بھی ایک ساتھ بیٹھے ہوئے نظر آتے ہیں۔

رسول کریم ﷺ کی شرافت ، امانت اور دیانت کا اعتراف کفار بھی کرتے تھے۔اس لیئے ہمیں کوہ صفاء پر وہ منظر بھی نظر آتا ہے کہ جب آپ نے اپنی قوم کو پکارا اور وہ آپ کی پکار پر وہاں جمع ہوگئے اس وقت وہ تاریخی جملہ آپ نے ادا فرمایا کہ لوگوں میں تم سے اگر یہ کہوں کہ کوہ صفا کے پرے ایک لشکر موجود ہے جو تم پر حملہ آور ہونا چاہتا ہے تو تم میری بات مانو گے تو قریش نے یک زبان ہوکر کہا کہ ہم نے کبھی آپ کو جھوٹ بولتے ہوئے نہیں دیکھا۔

آپ ﷺ امین اور صادق ہیں انہوں نے کہا کہ آج ہم نے اپنے نظریئے کو چھوڑ دیا قرآن و سنت سے اپنا تعلق توڑ لیاتو ہم زلیل و خوار ہوگئے۔ہمیں پھر سے قرآن و سنت سے جڑنے کی ضرورت ہے۔ رسول کریم ﷺ کے اسواہ حسنہ کی پیروی سے ہی ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں اور جنت کے حقدار بن سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :