رینجرز اختیارات تنازعہ کو 20روز گذر گئے ، معاملہ جوں کا توں ہے،شمشادخان غوری

کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے صوبائی خود مختاری پر حملہ جیسے گھسے پٹے بیانات دیئے جارہے ہیں

ہفتہ 26 دسمبر 2015 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 دسمبر۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ سندھ میں رینجرز اختیارات توسیع کے تنازعہ کو 20روز سے زائد گذر گئے، وفاق اور صوبہ عوام کی جانب دیکھنے کی بجائے اپنی ناک کے چکر میں الجھ رہا ہے بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ہی کو اپنی حکمرانی کی مدت پوری کرنے کیلئے کسی متحارب فریق کی ضرورت پڑتی ہے تاکہ الجھنیں پیدا کرکے عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے میں فریقین کامیاب ہوسکیں ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر کھارا در سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجروں کو بھتے کی پرچیاں اور عوام کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن سندھ حکومت کی تمام تر توجہ ایک شخص کی کرپشن پر پردہ ڈالنے پر مرکوز ہے جس کیلئے صوبائی خود مختاری پر حملہ اور آئین کوپامال کرنے جیسے گھسے پٹے بیانات دیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

شمشاد خان غوری نے کہا کہ اس بات سے انکار نہیں کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم نہیں کیا جاسکا لیکن ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں واضح کمی ضرور آئی جس سے عوام اور تاجر برادری میں احساس تحفظ پیدا ہوا جس کا کریڈٹ رینجرز سمیت سیکیورٹی اداروں کو جاتا ہے جنہوں نے جانوں کی قربانیاں دے کر شہر کی رونقیں بحال کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ ہو یا وفاق دونوں ہی کو غیر ذمہ دارانہ رویہ ترک کریں ۔کسی کے ذاتی مفاد کی خاطر دو کروڑلوگوں کا مستقبل داؤ پر لگانے کی کوشش کرنے والے کراچی میں بیٹھے ہوں یا اسلام آباد میں قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :