رینجرز کے خصوصی اختیارات کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر حکومت سندھ کی جانب سے شدید تحفظات

وزیر اعظم پیر 28 دسمبر کو کراچی آ سکتے ہیں، نہیں آئے تو وزیر اعلیٰ سندھ ان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد جائیں گے،ذرائع سندھ حکومت

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء ) وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر حکومت سندھ کو شدید تحفظات ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے رہنما یا حکومت سندھ کے ذمہ داران اس وقت تک سخت ردعمل کا اظہار نہیں کریں گے ، جب تک وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات نہیں ہو جاتی اور وزیر اعظم کا ردعمل سامنے نہیں آجاتا ۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم پیر 28 دسمبر کو کراچی آ سکتے ہیں ۔ اگر وہ نہیں آئے تو وزیر اعلیٰ سندھ ان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ اپنی حکومت اور پارٹی کے موقف سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے اور اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی درخواست کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق اگر وزیر اعظم کی طرف سے مثبت ردعمل نہیں ملا تو پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت اپنی آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے ، جو قانونی اور سیاسی محاذوں پر سخت ردعمل کی صورت میں ہو سکتی ہے ۔