Live Updates

تحریک انصاف میں آئندہ 2 سے 3 ماہ میں انٹراپارٹی الیکشن کرائے جائیں گے،عمران خان

جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو تحفظات کے باوجود قبول کیا، آئندہ ملک میں شفاف الیکشن کرانے کے لیے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں دھاندلی کے خاتمے تک ہماری تحریک جاری رہے گی، انصاف ہاوٴس کے باہر کارکنوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:37

تحریک انصاف میں آئندہ 2 سے 3 ماہ میں انٹراپارٹی الیکشن کرائے جائیں گے،عمران ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ چند کارکنان احتجاجی مظاہرے سے مجھے ڈرا کر من پسند فیصلے نہیں کراسکتے۔ تحریک انصاف میں آئندہ 2 سے 3 ماہ میں انٹراپارٹی الیکشن کرائے جائیں گے،کارکن جسے چاہیں منتخب کرلیں میں کسی کو عہدہ نہیں دوں گا۔ لودھراں میں جانگیرترین کی فتح سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ 2013ء میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔

جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو تحفظات کے باوجود قبول کیا۔ آئندہ ملک میں شفاف الیکشن کرانے کے لیے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ دھاندلی کے خاتمے تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار ہفتے کو انصاف ہاوٴس کے باہر تحریک انصاف کے احتجاج کرنے والے کارکنوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ماضی میں ہونے والے تنظیمی الیکشن میں شکایات سامنے آئی تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

پارٹی میں شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد مل کر مخصوص ایجنڈے کے لیے احتجاج کررہے ہیں، احتجاج کرنے والے سمجھ لیں کہ ان کا کپتان ڈرنے والا نہیں، کپتان میرٹ پر فیصلے کرتا ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کے خلاف جن لوگوں نے کام کیا ہے ان کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اشرف قریشی کو پہلے کراچی کا صدر بنایا تھا، وہ اس وقت بھی خوش نہیں تھا اور نہ پہلے کبھی خوش رہا ہے۔

چند لوگوں کے احتجاج پر علی زیدی کو پارٹی سے نہیں نکالوں گا وہ پارٹی میں رہیں گے۔ اس موقع پر ایک کارکن نے نعرہ لگایا علی زیدی کو پارٹی سے باہر نکالیں۔ عمران خان نے جواب میں کہا کہ علی زیدی تو نہیں جائے گا آپ جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کا احتجاج ثابت کرتا ہے کہ ہماری جماعت میں جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی نعروں سے نہیں آتی بلکہ محنت کرنے سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف ہم نے دھرنا دیا آج 126 دن کے دھرنے کی بدولت یہ ثابت ہوا ہے کہ ملک میں تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے جس کا واضح ثبوت لودھراں کا الیکشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کامیابی کی منزل کی طرف گامزن ہے، آئندہ انتخاب میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جلد تنظیمی انتخابات ہوں گے، کارکن میرٹ پرقیادت کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جلد ممبرسازی مہم شروع کرے گی۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بادشاہت نہیں بلکہ جمہوریت نافذ ہے ہم تمام فیصلے میرٹ پر کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں بھی اصل جمہوریت آئے اور بادشاہت کا خاتمہ ہو اور اس کے لیے عوام کو آگے آنا ہوگا، بادشاہت کے نظام کے پہلے مرحلے کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ شاہانہ پروٹوکول ختم کیا جائے اسی لیے ہم نے خیبرپختونخوا میں وی وی آئی پی پروٹوکول کے موقع پر ٹریفک کو بند کرنے پر پابندی لگائی ہے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ عوام کے مسائل کے لیے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی مسائل کو بھر پور طریقے سے اجا گر کرے گی، ہم شہریوں کے حقوق کے لئے جد جہد کرتے رہیں گے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :